انسان کا نظامِ تنفس
تحریر۔۔۔ قدیر قریشی
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ انسان کا نظامِ تنفس۔۔۔ تحریر۔۔۔ قدیر قریشی )انسانی جسم میں آکسیجن کی فراہمی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کے لیے ایک مکمل نظام موجود ہے جسے نظامِ تنفس کہتے ہیں۔ یہ نظام نہ صرف جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے بلکہ انسانی زندگی کے تسلسل کے لیے بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
-
سانس کا عمل
سانس لینے کا عمل دو حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ جب ہم سانس لیتے ہیں تو ناک یا منہ کے ذریعے ہوا جسم میں داخل ہوتی ہے اور سانس کی نالی یعنی ٹریکیا (Trachea) سے گزرتے ہوئے پھیپھڑوں تک پہنچتی ہے۔ اس طرح آکسیجن اور دوسری گیسیں پھیپھڑوں تک پہنچتی ہیں۔ اس کے برعکس جب ہم سائنس خارج کرتے ہیں تو پھیپھڑوں سے ہوا خارج ہوتی ہیں جس میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔
-
پھیپھڑوں کا کام
پھیپھڑوں میں ہوا چھوٹی چھوٹی تھیلیوں تک پہنچتی ہے جنہیں الویولائی (Alveoli) کہتے ہیں۔ یہ تھیلیاں خون کی باریک نالیوں یعنی کیپیلریز (Capillaries) سے گھری ہوتی ہیں۔ ہوا میں موجود آکسیجن الویولائی کی دیوار سے گزر کر خون میں شامل ہو جاتی ہے۔ جبکہ خون میں موجود کاربن ڈائی آکسائیڈ الویولائی میں داخل ہو کر ہوا کے ساتھ جسم سے خارج ہو جاتی ہے۔ یہ عمل ڈفیوژن (Diffusion) کے ذریعے ہوتا ہے، جہاں گیس کم ارتکاز کی طرف جاتی ہے۔
-
دل کا کام
دل صرف ایک پمپ کی طرح کام کرتا ہے جو آکسیجن سے بھرپور خون کو شریانوں کے ذریعے جسم کے مختلف حصوں کی طرف بھیجتا ہے۔ دل میں سوچنے سمجھنے، فیصلے کرنے، جذبات پیدا یا جذبات پراسیس کرنے کی کوئی قابلیت نہیں ہوتی۔ جسم کے خلیے خون میں موجود آکسیجن استعمال کر کے کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتے ہیں، جو خون کے ساتھ وریدوں (Veins) کے ذریعے واپس دل اور پھر پھیپھڑوں تک پہنچتی ہے۔
-
جسم کے خلیوں میں گیسوں کا تبادلہ
جب آکسیجن سے بھرپور خون جسم کے اعضا تک پہنچتا ہے تو آکسیجن خلیوں میں داخل ہو کر انہیں توانائی حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے۔ خلیے میٹابولزم کے عمل کے دوران کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتے ہیں جو واپس خون میں شامل ہو جاتی ہے۔
5۔ خون کا مکمل سائیکل:
جیسا کے اوپر بیان کیا گیا، دل آکسیجن سے لدا خون جسم میں پمپ کرتا ہے جہاں مختلف اعضا اس آکسیجن کو استعمال کرتے اور کاربن ڈائی آکسائیڈ خون میں خارج کرتے ہیں۔ آکسیجن سے محروم اور کاربن ڈائی آکسائیڈ سے لدا خون واپس دل میں پہنچتا ہے جہاں سے یہ پھیپھڑوں میں جاتا ہے۔ پھیھڑوں میں کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج ہوتی ہے اور آکسیجن خون میں شامل ہوتی ہے- یہ آکسیجن لدا خون واپس دل میں جاتا ہے جہاں سے اسے جسم میں پمپ کیا جاتا ہے