Daily Roshni News

انسان کماتا ہے تا کہ زندہ رہے اور زندہ رہتا ہے تاکہ کماتا رہے۔۔۔ (خرد کدے کے امام ، قطب ارشاد حضرت واصف علی واصف رحمتہ اللہ علیہ)

انسان کماتا ہے تا کہ زندہ رہے اور زندہ رہتا ہے تاکہ کماتا رہے

 (خرد کدے کے امام ، قطب ارشاد حضرت واصف علی واصف رحمتہ اللہ علیہ)

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل)تم محبت بھی کرتے ہو – انسانوں سے نہیں  ، اشیاء سے  – تمہیں کثرت عزیز ہے – تم آلائش سے  ، آرائش  سے  ، زیبائش سے  اور نمائش سے محبت کرتے ہو  – تم فطری جذبات سے محروم ہو چکے ہو  – تم اپنے مکان کو ہی سجاتے رہتے ہو – اس میں فانوس روشن کرتے ہو ، اس میں چراغاں کرتے ہو  ، مگر تمہارے دل کی دنیا میں چراغاں نہیں ہے  – مکان جگمگا رہے ہیں اور دل بجھے ہوئے – باہر کا چراغاں دل کا اندھیرا دور نہیں کر سکتا  – یہ روشنیاں کیا ہیں  ، جبکہ اتنا اندھیرا ہے  – یہ محفلیں کیا ہیں جبکہ روح کے اندر تنہائی چیختی رہتی ہے  – یہ انتشار کیا ہے ؟ سب منتشر ہیں  – ایک دوسرے کے پاس رہنے والے ایک دوسرے سے ناشناس کیوں ہیں  ؟ کیا کوئی کسی کو نہیں جانتا  ؟ کیا کوئی کسی کے دل کے قریب نہیں؟

کیا کوئی کسی کے اندر نہیں جھانکتا؟ کیا سارے ہی سب سے اجنبی ہیں؟ کیا سارے اپنے آپ سے بیگانہ ہیں؟

کیا انجمن صرف تنہائیوں کا میلہ ہے  ؟ قہقہوں کے شور میں کوئی سسکیاں نہیں سنتا  – کیا ہنستے ہوئے چہرے سب نقلی ہیں  ، سب لبادے ہیں  ؟ تم کون سی کون دنیا میں رہتے ہو – جہاں بھیڑ ہے اور تنہائی ہے  – جہاں آرزووءں کے طوفان میں لوگ ایک دوسرے سے بچھڑ گئے ہیں  – کیا سب لوگ سب کی تلاش ہیں؟ کیا کوئی کسی کی تلاش میں نہیں  ؟

تم کس فکر میں سرگرداں ہو  ؟ تم ہمہ وقت مصروف کیوں ہو  ؟ تمہیں کیا ہو گیا ؟ تمہارے پاس وقت نہیں – کیا تم نے زندگی بیچ دی ہے اور اب تمہارے پاس اس سے حاصل ہونے والا مال خرچ کرنے کا وقت بھی نہیں ہے

تم نے مکان بنایا اور اس میں رہنے کا وقت نہیں تمہارے پاس  – تم نے خوشی حاصل کرنے کے لئے دل بیچ دیا  ، اب خوشی کیسے محسوس کرو گے  – تمہارے پاس آسانیاں ہیں ، لیکن دل ہی نہیں

انسان کماتا ہے تا کہ زندہ رہے اور زندہ رہتا ہے تاکہ کماتا رہے

(خرد کدے کے امام ، قطب ارشاد حضرت واصف علی واصف رحمتہ اللہ علیہ)

Loading