Daily Roshni News

انڈسٹری کے معروف ڈائریکٹر نے ہراساں کیا، صرف بیٹوں کی وجہ سے خاموش ہوں: نادیہ جمیل کا انکشاف

خوبرو اور ورسٹائل سینئر اداکارہ نادیہ جمیل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستان شوبز انڈسٹری کے مقبول ترین ہدایتکار نے ہراسانی کا نشانہ بنایا۔

حال ہی میں اداکارہ نے عفت عمر کے ویب پروگرام میں شرکت کی جس میں انہوں نے زندگی کے مختلف معاملات سمیت ہراسانی پر بھی بات کی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ماضی میں جس ڈائریکٹر نے ہراساں کیا اس کے ساتھ کام کی پیشکش ہوئی جسے میں نے قبول نہیں کیا، سینئر اداکار نعمان اعجاز نے یہ پیشکش کی تھی اور جب میں نے ہدایتکار کا نام پوچھا تو پتا چلا کہ وہی شخص ڈرامے کی ہدایات دیں گے جنہوں نے ماضی میں مجھے ہراسانی کا نشانہ بنایا تھا، میں نے نام سنتے ہی کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

نادیہ جمیل نے کہا کہ میں سوچتی ہوں وہ ہدایتکار اب بھی اس انڈسٹری کا حصہ ہے، اس نے پتا نہیں کتنی معصوم لڑکیوں کو ہراساں کیا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ شاید مجھے ہدایتکار کا نام لے لینا چاہیے تھا لیکن میں نے ان کا نام نہیں لیا، میں نام بتانے سے ڈرتی نہیں ہوں بلکہ  صرف اپنے جوان بیٹوں کی وجہ سے خاموش ہوں کہ ان کا خون گرم ہے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ جب میرے بیٹے مجھ سے متعلق کوئی غلط بات سنتے ہیں تو فوراً کہتے ہیں کہ کس نے کیا، نام بتائیں، ہم دیکھ لیں گے، صرف اسی لیے میں خاموش ہوں اور انتظار کررہی ہوں کہ جب وہ سمجھ دار ہوجائیں گے تب میں اس ڈائریکٹر کا نام سب کو بتاؤں گی۔

واضح رہے کہ نادیہ جمیل اس سے قبل یہ انکشاف بھی کرچکی ہیں کہ بچپن میں انہیں گھریلو ملازمین کی جانب سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

Loading