ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )ایئر انڈیا کی انتظامیہ اور مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس مسافر بردار طیارے میں 244 افراد سوار تھے، اور یہ آج جمعرات بارہ جون کو شمال مغربی شہر احمد آباد میں گر کر تباہ ہو گیا۔
مقامی ٹی وی چینلز پر دکھائی جانے والی ویڈیوز میں احمد آباد کے ہوائی اڈے کے قریب حادثے کی جگہ سے گہرا دھواں فضا میں اٹھتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل فیض احمد قدوائی نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ایئر انڈیا کی پرواز AI 171، جو ایک بوئنگ 787 طیارہ تھا، بعد دوپہر ایک بج کر اڑتیس منٹ پر پرواز کے چند ہی منٹ بعد احمد آباد کے رہائشی علاقے میگھانی نگر میں گر گئی۔ یہ پرواز برطانیہ میں لندن کے گیٹوِک ایئر پورٹ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ قدوائی کے مطابق طیارے میں 232 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے۔ کریش کے فوری بعد ایئر پورٹ پر ہنگامی ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔
بوئنگ کا 787 ڈریم لائنر ایک چوڑی جسامت اور دو انجنوں والا طیارہ ہے۔ ایوی ایشن سیفٹی نیٹ ورک کے ڈیٹا بیس کے مطابق یہ کسی بوئنگ 787 طیارے کو پیش آنے والا پہلا حادثہ ہے۔