ایتھنز، یونان میں 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر سفارتخانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
یونان: (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔انصر اقبال بسراء)ایتھنز، یونان میں 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر سفارتخانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں کمیونٹی کی سیاسی، سماجی، کاروباری اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔ یوم پاکستان کے موقع پر سفارتخانہ پاکستان ایتھنز میں ہونے والی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا۔ سفیر پاکستان عامر آفتاب قریشی نے قومی ترانے کی دھن میں پرچم کشائی کی۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے بلال اسلم خان اور ویلفیئر اتاشی نازش امجد نے صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے، جن میں پاکستان کی ترقی، امن اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان عامر آفتاب قریشی نے کہا کہ ہر پاکستانی یونان میں اپنے وطن کا سفیر ہے، اور پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں اتحاد و اتفاق سے کام کرنا ہوگا۔
تقریب کے آخر میں پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔