سات سال کے بعد ایران نے سعودی عرب میں آج اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا۔
ریاض میں موجود سفارتی ذرائع کے مطابق افتتاحی تقریب آج ہوئی جس میں سعودی عرب میں نئے تعینات ہونے والے ایرانی سفیر علی رضا عنایتی موجود تھے۔
ایران نے گزشتہ ماہ علی رضا عنایتی کو سعودی عرب میں ایرانی سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سعودی عرب نے تاحال اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ وہ تہران میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کب کھولے گا اور کسے وہاں اپنا سفیر تعینات کرے گا۔
واضح رہے کہ چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات مارچ میں بحال ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ کئی برسوں کی کشیدگی کے بعد چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بہتری آرہی ہے۔
10 مارچ کو طے پانے والے معاہدے کی شرائط کے اندر دونوں ممالک نے دو ماہ کے اندر نئے سفیروں کی تعیناتی اور اپنے سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے 2016 کے بعد سفارتی تعلقات کی بحالی کا فیصلہ کیا جس کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی ہوچکی ہے جب کہ ایرانی صدر نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی جانب سے دورہ سعودیہ کی دعوت بھی قبول کی تھی