Daily Roshni News

ایران نے پاکستان اور دیگر ثالثوں کے ذریعے امریکی پیغامات موصول ہونےکی تصدیق کردی

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ  اسماعیل بقائی نے پاکستان سمیت ثالثوں کے ذریعے امریکی پیغامات موصول ہونےکی تصدیق کردی۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے ایک بار پھر امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی تردید کردی اور واضح کیا کہ پاکستان سمیت ثالثوں کے ذریعے پیغامات موصول ہوئے ہیں، امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات نہیں ہو رہے۔

برطانوی خبر ایجنسی نے سینئر  ایرانی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ثالثوں نےمنگل کوایران سےرابطہ کیا اور سفارتکاری جاری رکھنےپرگفتگو کی تاہم عارضی جنگ بندی کےلیےثالثوں کے ذریعےکوئی بات چیت نہیں ہوئی۔

اس سے قبل برطانوی خبر رساں ایجنسی نے کہا تھا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران تنازع پر گزشتہ روز پاکستانی ثالث کاروں سے بات کی۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی نائب صدر  نے ثالثوں کے ذریعے ایران کو امریکی صدر کا سخت پیغام بھجوایا ہے۔

خبر ایجنسی کے ذرائع کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے پیغام بھیجا تھا کہ وہ کچھ امریکی مطالبات پورے ہونے پر جنگ بندی پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں ، ان مطالبات میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا بھی شامل ہے۔

ادھر امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ایرانی حکومت جنگ کےخاتمےکےلیے سنجیدہ مذاکرات میں شامل ہونےکو تیار نہیں۔

Loading