Daily Roshni News

ایشیا کپ: بنگلادیش اور سری لنکا نے نئے ہائبرڈ ماڈل کیلئے گرین سگنل دیدیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بنگلادیش اور سری لنکا نے نئے ہائبرڈ ماڈل کے لیے گرین سگنل دے دیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کو پہلا راؤنڈ پاکستان میں کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلادیش اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز نے بذریعہ ای میل پی سی بی کو یقین دہانی کرائی ہے جب کہ بی سی سی آئی اور پی سی بی کا تاحال براہ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا اندرونی اجلاس آئندہ ایک دو دنوں میں دبئی میں متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق اے سی سی کے سربراہ جے شاہ بھی اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں پی سی بی کے نئے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل پر بات چیت ہو گی۔

ایشین کرکٹ کونسل کے اندرونی اجلاس کے بعد حتمی اجلاس بلایا جائے گا، حتمی اجلاس رواں ماہ کے آخری ہفتے میں بلایا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی گیٹ منی کے باعث متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کا انعقاد کروانا چاہتا ہے، یو اے ای میں ٹکٹوں کی فروخت سری لنکا اور بنگلادیش کی نسبت زیادہ مالی فائدہ پہنچا سکتی ہیں۔

ہائبرڈ ماڈل کی منظوری کے بعد پی سی بی نیوٹرل وینیو پر بھی لچک دکھا سکتا ہے۔

پی سی بی کو لاجسٹک معاملات میں سری لنکا کی نسبت یو اے ای سستا نیوٹرل وینیو پڑے گا، دوسرے آپشن پر سری لنکا کے دمبولا اور پالیکیلے اسٹیڈیم بطور نیوٹرل وینیو استعمال ہو سکتے ہیں۔

Loading