Daily Roshni News

ایشیا کپ میزبانی، پاکستان اصولوں کی لڑائی ہارنے لگا، ٹورنامنٹ ملتوی ہوجائے گا؟

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )  ایشیا کپ میزبانی پر اپنی اصولی لڑائی ہار رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کا ہائبرڈ ماڈل مسترد کردیا تو پاکستان ایشیا کپ کا بائیکاٹ کرسکتا ہے، پی سی بی اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کررہا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل مسترد کردیا گیا ہے،  بھارت کے مؤقف پر بنگلادیش، سری لنکا اور افغانستان نے اس تجویز کو نظر انداز کرکے ٹورنامنٹ سری لنکا میں کرانے پر اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی بورڈز کی حمایت نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان ٹورنامنٹ کا بائیکاٹ کرسکتا ہے،  ایشیا کپ کے وینیو اور شیڈول کا حتمی اعلان اے سی سی اجلاس میں ہوگا۔

اے سی سی اجلاس رواں مہینے ورچوئل یا دبئی میں ہونے کا امکان ہے، اجلاس میں صرف رسمی کارروائی اور اعلان ہونا باقی ہے ، پی سی بی سمجھتا ہے کہ کوئی بھی بورڈ ان کی حمایت نہیں کرے گا۔

نجم سیٹھی ہائبرڈ ماڈل مسترد ہونے پر ٹورنامنٹ کے بائیکاٹ کا عندیہ دے چکے ہیں۔

پاکستان کے پاس 2 آپشن ہیں  یا تو نیوٹرل وینیو پر کھیلیں یا پھر بائیکاٹ کریں،  پاکستان کی دستبرداری پر براڈ کاسٹرز سے معاہدے پر نظرثانی ہوگی،  امکان ہے کہ اس سال ایشیاکپ ملتوی کردیا جائے۔

پاکستان کے بائیکاٹ پر براڈ کاسٹرز وہ معاہدہ آفر نہیں کریں گے جو پہلے کیا تھا کیونکہ پاک بھارت میچز کے باعث خطیر رقم ملنا تھی، ایشیاکپ نہ ہونے کی صورت میں بی سی سی آئی بھارت میں 4 یا 5 ملکی ٹورنامنٹ کرانے کا پلان کررہا ہے۔

پاکستان بھی پلان بی کے تحت3  ملکی ٹورنامنٹ کھیل سکتا ہے، رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل فائنل کے بعد ملاقات میں ہائبرڈ ماڈل کی تجویز کو نہ ماننے کے بعد اب ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ اگلے اجلاس میں رسمی گفتگو میں ایشیا کپ کی سری لنکا منتقلی سے متعلق بتائیں گے۔

Loading