Daily Roshni News

ایشیا کپ کے بعد چیمپئنز ٹرافی میں بہترین میزبانی کیلئے بھی پر عزم ہیں: نجم سیٹھی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کا پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل منظور کر لیا ہے۔

نجم سیٹھی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک ہو گا، ایشیا کپ کے ابتدائی 4 میچز پاکستان میں ہوں گے جبکہ بقیہ 9 میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 2008کے بعد پہلی مرتبہ ایشیا کپ کی میزبان کرے گا، ہائبرڈ ماڈل منظور ہونے پر ایشین کرکٹ کونسل کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا کہنا تھا ایشیا کپ اور پھر چیمپئنز ٹرافی میں بہترین میزبانی کے لیے پرعزم ہیں، بڑی ٹیمیں اور بڑےکھلاڑی پاکستان کرکٹ بورڈ کی میزبانی اور انتظامات کے معترف ہیں، آنے والے 20 ماہ برصغیر کے کرکٹ شائقین کے لیے بہت اہم ہیں۔

خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ اور ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ جے شاہ مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کی ضد پر قائم ہیں اور بھارت کا مؤقف ہے کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے نہ پاکستان آئے گی نہ ہی متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کھیلے گی۔

پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لیں گی، ٹورنامنٹ کے 4 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے جبکہ باقی 9 میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے تاہم اگر بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے فائنل میں آتی ہے تو فائنل بھی سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔

Loading