Daily Roshni News

ایوان، عدالت اور سڑک تینوں آپشن موجود ہیں، حکمت عملی بعد میں بتائیں گے: حافظ نعیم

کراچی: پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب 173 ووٹ لے کر میئر کراچی منتخب ہوگئے ہیں تاہم جماعت اسلامی نے نتائج مسترد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

میئر کراچی کیلئے پیپلزپارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں مرتضیٰ وہاب کو 173 ووٹ ملے جب کہ حافظ نعیم کو 160 ووٹ ملے، اس طرح مرتضیٰ وہاب 13 اضافی ووٹ لے کر میئر کراچی منتخب ہوگئے تاہم نتائج کا حتمی اعلان الیکشن کمیشن کرے گا۔

میئر کے انتخاب کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر نعیم الرحمان نے کہا کہ غائب کیے گئے 31 لوگوں کے بغیر میئر کا انتخاب قبول نہیں، ہم نتائج مسترد کرتے ہیں ۔

جماعت اسلامی کے امیدوارحافظ نعیم الرحمان نے شکست کے باوجود کامیابی کا دعویٰ بھی کردیا  اور کہا کہ ایوان، عدالت اور سڑک تینوں آپشن موجود ہیں، کیا حکمت عملی اپنائیں گے بعد میں بتائیں گے۔

جماعت اسلامی نے کل ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان  بھی اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف نے میئر کراچی کے الیکشن میں جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان کیا تھا تاہم ووٹنگ کے لیے پی ٹی آئی کے 30 منحرف اراکین نے ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور وہ پولنگ اسٹیشن نہیں پہنچے۔

Loading