Daily Roshni News

ایک شخص کہہ رہا ہے میں نہیں تو کچھ نہیں ، اس کا بیانیہ ملکی سیکیورٹی کیلئے خطرہ بن چکا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا ہے کہ ایک شخص کہہ رہا ہے کہ میں نہیں تو کچھ نہیں ، اس کا بیانیہ ملکی سیکیورٹی کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے ہیڈکوارٹرز کا آغاز ہوگیا ہے ، چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں ، چیف آف ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز جنگی معاملات کے بارے میں آگاہی فراہم کرے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ ایک شخص کہہ رہا ہے کہ میں نہیں تو کچھ نہیں، ایک شخص اپنی ذات کا قیدی ہے ، اس کی سیاست ختم ہوچکی ، اس کا بیانیہ ملکی سیکیورٹی کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فتنہ الخوارج اور عوام کے درمیان پاک فوج ہی کھڑی ہے ، جو اپنی فوج پر حملہ کرتا ہے کیا وہ کسی اور کی فوج کیلئے اسپیس بنانا چاہتا ہے ، فوج کو سیاست سے دور رکھیں پاک فوج لسانیت یا کسی سیاسی سوچ کی نمائندگی نہیں کرتی۔ بغیر کسی ابہام کے کلیئر کرنا چاہتے ہیں اب کسی کا بیانیہ نہیں چلے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ایک شخص کی ذات اورخواہشات ریاست پاکستان سےبڑھ کر ہیں، منفی بیانیے کاخاتمہ وقت کی ضرورت ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ یہ شخص آرمی چیف کے خلاف بول رہا ہے،عوام اور فوج میں دراڑ پیدا کر رہا ہے،  کہا گیا جو پارٹی کا بندہ این ڈی یو گیا وہ میر جعفر،میر صادق ہے۔ ٹویٹر پر دنیا بھر سے مختلف اکاؤنٹ جھوٹا بیانیہ پھیلارہے ہیں۔ انڈیا میڈیا خوشی کےساتھ آرمی چیف کیخلاف خبریں چلا رہا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے مزید کہا کہ آپکی سیاست ہوگی، ہم احترام کرتے ہیں، اپنی سیاست کو فوج سے دور رکھیں، افواج پاکستان اور عوام کے درمیان کسی کو دراڑ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ آپکو اجازت نہیں کہ عوام کو فوج کیخلاف بھڑکائیں اور گیپ ڈالنے کی کوشش کریں۔

سیاسی شعبدہ بازی کا وقت ختم ہو چکا،ترجمان پاک فوج

انہوں نے کہا کہ ان کی سوچ ہے اگر وہ اقتدار میں ہیں تو جمہوریت،اگر نہیں تو جمہوریت نہیں، آپ کی سیاسی شعبدہ بازی کا وقت ختم ہو چکا۔ ایک شخص نے پاکستان کی ترسیلات زر بند کرنے کا کہا ، فوج کے ساتھ ورکشاپ میں بیٹھنے والوں کو غدار کہا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج کی قیادت کے خلاف کسی بیانیے کی اجازت نہیں، قومی سلامتی پر اظہار رائے کی آئین اجازت نہیں دیتا، اس کی سیاست ختم ہو چکی ہے، اپنی سیاست کو افواج پاکستان سے دور رکھیں ، ہم کسی ایجنڈے پر نہیں ملک کی حفاظت کیلئے کام کر رہےہیں، منفی بیانیے کاخاتمہ وقت کی ضرورت ہے۔

بھارتی میڈیا مخصوص ٹولے کا سب سے بڑا سہولت کار قرار

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی میڈیا مخصوص ٹولے کا سب سے بڑا سہولت کار ہے، سوشل میڈیا پر ترغیب اور تواتر کے ساتھ مسلح افواج کی ہرزہ سرائی کی جاتی ہے، افغانستان اور بھارت کا سوشل میڈیا ان کے بیانیے کو بڑھاوا دیتا ہے۔ ہم نے اپنے سے 8 گنا بڑی فوج کے سامنے کھڑے ہوکر دکھایا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارتی میڈیا پاکستان کی مسلح افواج کےخلاف پی ٹی آئی کی زبان بنا ہوا ہے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی پریس کانفرنس بھی بھارتی میڈیا پر دکھائی جاتی ہے، بھارتی میڈیا پر نورین نیازی ملک و قوم کےخلاف انٹرویو دیتی ہیں۔

“ایک ذہنی مریض افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہا ہے”

ڈی جی آئی ایس پی آر  نے کہا کہ اپنے آپ کو عقل کل سمجھنے والا دوسروں کو غدار کہتا پھرتا ہے، ایک ذہنی مریض افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہا ہے ، ذہنی مریض نے 2 دن پہلے ٹویٹ کیا، ذہنی مریض کے ٹویٹ کو بھارتی اور افغان ٹرولرز نے وائرل کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ تم سمجھتے کیا ہو اپنے آپ کو؟ تم کون ہو جو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹ رہے ہو، مئی کو جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والے بھی یہی لوگ تھے، شہیدوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والے بھی یہی لوگ تھے۔

انہوں کہا کہ ریاست پاکستان کے بغیر نہ ہماری کوئی پہچان ہے نہ اوقات، یہ تو پشاور میں خارجیوں کا دفتر کھلوانا چاہ رہے تھے ، کیڈٹ کالج وانا پر حملہ کرنے والوں سے ہم کیابات کریں ؟ پروپیگنڈا سیل اپنی مرضی سے کسی کا بھی نوٹیفکیشن بنا لیتا ہے، یہ شخص صرف پاک فوج کے خلاف بیانیہ بناتا ہے۔ آپ کی سیاست،شعبدہ بازی کا وقت ختم ہو چکا ہے۔

ہم حق پر ہیں اور حق پر ہی رہیں گے،ڈی جی آئی ایس پی آر

ترجمان پاک فوج کے مطابق روز روشن کی طرح واضح ہے کہ کیا کیا جا رہا ہے اور کیوں کیا جا رہاہے، ہم حق پرہیں اورحق پر ہی رہیں گے، جھوٹا بیانیہ اب نہیں چلے گا، صبح سے شام تک ذہنی مریض سمیت دیگر لوگ فوج کے خلاف بات کرتے ہیں، ملک میں جھوٹ اور فریب کا کاروبار چلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کرائم پولیٹکل گٹھ جوڑ بھی ہے جو اس کے خلاف جاتا ہے اس پر حملہ کروا دیتے ہیں، انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ فوج لڑ نہیں سکتی، پھر لڑکر دکھایا، انہوں نے تو یہ بھی کہا تھا کہ ملک ڈیفالٹ کرجائے گا۔

جب تک پاکستان ہے ، فوج رہے گی،ترجمان

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جب تک پاکستان ہے ، فوج رہے گی ،ہم کہیں نہیں جارہے، پاک فوج کے جوان ریاست پاکستان کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں ، یہ شخص ملک کے غدار شیخ مجیب الرحمان سے بہت متاثر ہے، سیاسی سرپرستی میں دہشتگردوں کی سہولت کاری کی جاتی ہے۔ 2 دن پہلے ایک ملاقات کو انسانی حقوق، بیماری سے جوڑا جارہا تھا۔ ملاقات کے بعد ہونے والی میڈیا گفتگو میں بیماری کا کوئی ذکر نہیں تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افواج کے خلاف کون بیانیہ چلا رہا ہے سب جانتے ہیں، بیمار ذہنوں کے بارے میں قوم مکمل طور پر جان چکی ہے ، ہم نے اس ریاست کے تحفظ کی قسم کھائی ہے ، ریاست سپریم ہے اور ہم اس کا حصہ ہیں ، معرکہ حق کی جنگ کی قیادت کرنے والے فیلڈمارشل تھے۔ بھیجواپنی اولاد کو فوج میں پھر بیانیہ بنانا۔

گورنر راج کا فیصلہ حکومت کا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ حکومت کے پاس آئینی ادارے ہیں جو سوشل میڈیا کو کنٹرول کر سکتے ہیں ، کس نے بتایا کہ خوارج اسلام کا حصہ نہیں ؟ کس نے بھارت کو میدان جنگ میں شکست دی ، کون دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑا ہے؟ اب اس کا وقت ختم ہو گیا، گورنر راج کا فیصلہ حکومت کا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ضروری ہے ، رواں سال 13ہزار سے زائد آپریشنز کیے ہیں، امن و امان کے قیام کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے، صوبائی حکومت نے منشیات ،نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کا خاتمہ کرنا ہے۔

Loading