Daily Roshni News

ایک عورت عامل کے پاس پہنچتے ہی بولی

ایک عورت عامل کے پاس پہنچتے ہی بولی

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )پیر صاحب میری بہو جادوگرنی ہے مجھے اس کے جادو کا توڑ چاہئے”

#عامل  نے اسکی گھبراہٹ دیکھتے ہوئے اسے سب سے آگے بیٹھنے کا اشارہ کیا۔وہاں موجود باقی عورتوں نے بھی پیچھے ہٹ کر اسے بیٹھنے کی جگہ دی۔

عامل کے اشارہ کرنے پر اس نے پھر سے اپنی بات جاری کی۔

“باباجی میری بہو نے میرے سب گھر والوں پر جادو کر دیا ہے۔ سب اس کے گن گاتے ہیں۔اس کے کالے کو بھی سفید کہتے ہیں۔”

عامل: “کیا تم پر بھی اس نے جادو کردیا ہے؟ “

عورت: ” نہیں باباجی صرف میں اور میری بیٹی ہیں جن پر اسکے وار ناکام ہوجاتے ہیں لیکن وہ ہمیں بھی اپنے قابو میں کرنے کی کوششیں کرتی رہتی ہے”

عامل: تفصیل سے بتاؤ تاکہ کوئی توڑ ڈھونڈا جاسکے۔۔

عورت:  عامل کے قریب کھسکتے ہوئے مزید ریلیکس ہوکر بیٹھ جاتی ہے۔

” باباجی میرے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ شوہر بھی الحمدللہ حیات ہیں۔بیٹی شادی شدہ ہے۔بیٹی کی شادی کے بعد ہم گھر میں ٹوٹل چار لوگ تھے۔بڑی ہی خوشحال زندگی تھی لیکن پھر ہمارے برے دن شروع ہوئے جو ہم اس کلموہی کو بیاہ لائے”

یہ بتاتے ہوئے اس نے سر کو جھکا کر دونوں ہاتھوں سے تھام لیا اور سر کو ادھر ادھر ہلانے لگی۔

پاس بیٹھی عورت نے کندھے پر ہاتھ رکھ کر حوصلہ دیا تو اس نے ہمت کرکے اپنی بات پھر سے جاری کی۔

“کیا بتاؤں باباجی میں تو کم شکل کمی کمین منگتے غریبوں کی پیٹی کو اس لیے بیاہ لائی تھی کہ نیکی کی نیکی ہوگی اور میری مان کر چلے گی لیکن۔۔۔”

اس نے پھر سے سر پیٹنا شروع کردیا۔تھوڑے توقف کے بعد بولی

” شادی کے تیسرے دن ہی بغیر کہے کچن میں گھس آئی کہ میں کھانا بناتی ہوں۔بہت روکا لیکن ڈھیٹ نے ایک نہ مانی۔اس دن کے بعد اس نے میرے کچن پر قبضہ جما لیا۔پتا نہیں سارے خاندان کو کیا گھول گھول کر پلانے لگی کہ سب اسکے دیوانے ہوگئے  میرے گھٹنوں میں درد رہتا ہے تو ہمدردی کی آڑ میں اس نے مجھے کھانا بنانے سے بالکل منع کردیا۔ وہ کچن جسے میں نے اتنی محنت سے بنایا تھا اس کی ساری ترتیب بدل ڈالی چولہا فرش سے اٹھا کر شلف پر چڑھا دیا تاکہ میں چاہ کر بھی کچھ نہ پکا سکوں۔میسنی کو پتا جو چل گیا تھا کہ میں زیادہ دیر کھڑی نہیں رہ سکتی”

“یہ تو اچھی بات کہ اس نے بغیر کہے کچن سنبھال لیا” پاس بیٹھی عورت نے تبصرہ کیا جسے سن کر اسے مزید غصہ آگیا۔

“خاک اچھی بات؟؟ شروع شروع میں میں بھی سمجھی تھی کہ اچھی ہے زمہ دار ہے سب کچھ سنبھال لیا۔ دراصل میں بھی اس کے سحر میں آگئی تھی وہ تو بھلا ہو میری بیٹی شمائلہ کا جس نے میری آنکھیں کھول دیں”

“ایک دن شمائلہ اپنے سسرال والوں کے ساتھ آئی تو یہ کلموہی ان کے آگے پیچھے اڑتی پھرے۔ہنس ہنس کے سب سے باتیں کرے۔ ایک وقت کے کھانے میں ہی ڈشوں کے ڈھیر لگا دیے۔ پتا نہیں کیا ملایا اس کھانے میں کہ سب لوگ انگلیاں چاٹتے رہ گئے۔ میں بھی خوش کہ چلو اچھی مہمان نوازی ہوگئی لیکن شمائلہ سارا وقت منہ بنائے بیٹھی رہی جب میں نے پوچھا کہ تمہیں کیا ہوا ہے تو مجھے بازو سے پکڑ کر کمرے میں لے گئی۔

اس نے مجھے بتایا کہ یہ کلموہی مہک  تو میرے گھر پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔ میری جگہ لینا چاہتی ہے۔ ہر کام اپنے ہاتھ میں لے کر اپنی اجارہ داری قائم کرنا چاہتی ہے۔مجھے کام سے روک دیا تاکہ میں بستر پر پڑ جاؤں میری ہڈیاں گل جائیں میں کاہے جوگی نہ رہوں ہائے ہائے میں پاگل تو یہ سب کچھ سمجھ ہی نہ پائی تھی”

“اپنے شوہر کو قابو کرلیا یہ بات تو سمجھ آتی ہے لیکن اس نے تو میرے چھوٹے بیٹے اور میرے شوہر کو بھی اپنی چالوں سے مجھ سے دور کردیا۔ میرے چھوٹے کو باہر کے کھانوں کی عادت تھی۔ گھر پر کم ہی کھانا کھاتا تھا ساری پاکٹ منی کھانے پینے پر اڑاتا تھا۔ جب سے یہ بدذات آئی ہے سارے پیزے پاستے گھر پر ہی بنادیتی ہے۔ وہ سامان لا دیتا ہے اور نیٹ سے ترکیبیں دیکھ دیکھ کر پتا نہیں کیا گند بلا بناتی رہتی ہے جو میرے علاوہ سارے شوق سے کھاتے ہیں۔چھوٹا جو پہلے امی امی کرتا تھا اب بھابھی بھابھی کرتا پھرتا ہے۔”

دوسری عورت: “ہائے ہائے ظالم۔۔۔۔اچھا تو تمہارے شوہر کو کیسے قابو کرلیا وہ تو بتاؤ”

“نہ پوچھو بہن کچھ نہ پوچھو اتنا خیال تو وہ اپنے شوہر کا نہیں رکھتی جتنا میرے شوہر کا رکھتی ہے۔ ساری چالیں ہیں اسکی۔ وہ گھر آجائیں تو اباجی پانی پی لیں ابا جی شربت پی لیں۔۔۔ آگے پیچھے پھرتی ہے۔ وہ معدے کے مریض ہیں تو ہر سالن میں نمک مرچ ڈالنے سے پہلے ہی اباجی کے لیے سالن علیحدہ کرلیتی ہے۔لو جی ابا جی اتنے میں ہی لٹو ہوئے پھرتے ہیں۔ قسم خدا کی دل خون کے آنسو روتا ہے میرا”

اس نے باقاعدہ رونا شروع کردیا۔۔

عامل: ” خاموش ہوجاؤ، صبر کرو۔ تمہاری بہو کا جادو بہت طاقتور ہے۔ یہ ساری تو وہ چالیں ہیں جو ہم عورتوں کو سسرال والوں کو قابو کرنے کے لیے بتاتے ہیں لیکن وہ کہتی ہیں یہ سب مشکل ہے ہمیں کوئی تعویز دے دیں”

“باباجی کرم کریں کوئی راستہ نکالیں مجھے میرا گھر اور میرے گھر والے واپس چاہئیں۔ یہ جو امی جی امی جی کرکے میرے اوپر بھی جادو کرنا چاہتی ہے مجھے اسکی چالوں سے بچا لیں۔چائے بنا کر میرے کمرے میں گھس آتی ہے کہ اکٹھے بیٹھ کر چائے پینی ہے۔ مجھے باتوں میں لگا کر ایک آدھ تعویز تو مجھے پلا ہی جاتی ہوگی۔ ہائے مجھے بچا لیں۔جتنے پیسے آپ کہیں گے میں دوں گی”

اسکے ساتھ ہی اس نے بڑی راز داری سے پانچ پانچ ہزار کے چار نوٹ زمین پر رکھ کر عامل کی طرف کھسکا دیے۔

عامل نے اپنا لکڑی کا بوسیدہ سا ڈبہ کھولا اور پانچ پڑیوں میں کوئی سفید پاؤڈر سا بھرا اور سب پڑیوں پر باری باری  پھونک مار کر عورت کو پکڑا دیں۔ عورت نے پانچوں پڑیاں تیزی سے اپنے دپٹے میں لپیٹ لیں۔

عامل: “ہر جمعرات کی رات کو جب تمہاری بہو ہنڈیا بنالے تو ایک پڑی اس میں ڈال دینا۔ان شا اللہ تین جمعراتوں کے بعد ہی اثر ہونا شروع ہوجائے گا”

عورت باباجی کو دعائیں دیتی ہوئی پڑیاں پکڑ کر جلدی سے وہاں سے نکلی کیوں کہ اس دن بھی جمعرات کا دن تھا اور وہ پڑیوں کو آج سے ہی آزمانا چاہتی تھی جن میں کسی میں نمک ،کسی میں پسی ہوئی چینی اور کسی میں میٹھا سوڈا بھرا ہوا تھا۔۔. 

#سبق #سچی_کہانیاں #سبق_آموز #پیر #جادو #پیار #شوہر #عورت

Loading