Daily Roshni News

ایک غیر معمولی عورت کا غیر رسمی تعارف

ایک غیر معمولی عورت کا غیر رسمی تعارف

میں اسے ضرورت سے کچھ زیادہ جانتا ہوں
اس تعلق میں یہی ایک المیہ ہے
کئی بار اپنے بارے میں جاننے کے لیے مجھے اس سے مدد لینی پڑی
اس کے سوالوں کا جواب دینے کے لیے
میرے پاس سچ بولنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا
میں کبھی اس کے ساتھ سو نہیں سکا
کیوں کہ وہ ان عورتوں میں سے نہیں جو خواب دیکھتی ہیں
پہلی بار میں نے اسے بتایا کہ وہ دنیا کی حسین ترین عورت ہے
مگر وہ یہ بات پہلے سے جانتی تھی
اسے حیران کرنا آسان نہیں

اس کے لیے کوئی کام نیا کام نہیں
اسے محبت کرنے کا سلیقہ ہے
میں نے اس کے ہاتھوں کو چھو کر اندازہ لگایا
کہ کچھ عورتیں کسانوں سے زیادہ جفاکش ہوتی ہیں
وہ لا محددود سوچ کی حامل ہے
اسکی محبت کا دائرہ بحر الکاہل کی طرح براعظموں کے بیچ پھیلا ہوا ہے
اور اسکا سینہ زمین کی طرح کشادہ ہے
جس میں زندگی پھل پھول سکتی ہے
وہ دنیا کو ایک ولی اللہ کی نسبت زیادہ عارضی سمجھتی ہے
اور کبھی کہیں اپنا گھر نہیں بنایا
حالانکہ وہ چاہے تو میرے دل میں رہ سکتی ہے
مگر اسے اپنے پرستاروں سے خوف آتا ہے
وہ کئی لاوارث بچوں کی ماں ہے
مگر مجھے گود لینے نہ لینے کی کشمکش میں ہے
اور ابھی تک اس بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کر سکی
کیونکہ وہ عام عورتوں کی طرح جلد باز اور جذباتی نہیں

میں ایک بار اپنی محبوبہ کی بے وفائی پر اس کی گود میں سر رکھ کے رو چکا ہوں
اس کے پاس بہت اچھی اچھی تسلیاں ہیں
جو بڑے سے بڑے دکھ کو آسانی سے بھلا دینے میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں
اس کا بچپن ادھورا ہے
بعض اوقات وہ اسے مکمل کرنے کے لیے چھوٹے بچوں کے ساتھ کھیلنے لگ جاتی ہے
اور ان بچوں کی طرح بولنے لگتی ہے جو ابھی بولنا سیکھ رہے ہوں
وہ دنیا کی ان چند عورتوں میں سے ایک ہے
جو مرد کو بے وفا نہیں سمجھتی۔

Loading