Daily Roshni News

بائیڈن کا روٹ کینال، امریکا میں 25 ویں آئینی ترمیم کی ضرورت نہیں

امریکا کے 80 سالہ صدر جو بائیڈن دانت کے درد میں مبتلا ہوگئے، دانت کے علاج کیلئے صدر بائیڈن کی تمام مصروفیات منسوخ کر دی گئیں۔

امریکی صدارتی محل وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر بائیڈن کو اس علاج کیلئے بے ہوش نہیں کیا جائے گا لہٰذا 25 ویں ترمیم کا مطالبہ نہیں کیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر بائیڈن کو اتوار کے روز دانت کے درد کی شکایت ہوئی تھی، جس کے بعد صدر بائیڈن کا فوری طور پر روٹ کینال کا پروسیجر کیا گیا تھا۔

درد میں آرام نہ آنے پر صدر بائیڈن دوبارہ روٹ کینال کا پروسیجر کروائیں گے، روٹ کینال کے لیے صدر بائیڈن کو بے ہوش نہیں کیا جائے گا، اس لیے صدر کی ذمہ داری عارضی طور پر نائب صدر کو دینے کی 25ویں ترمیم کا استعمال نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں صدر بائیڈن امریکی ریاست کولوراڈو میں ائیر فورس اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس کو ڈگری دیتے ہوئے اچانک ریت کے چھوٹے سے تھیلے سے ٹکرا کر اسٹیج پر گر پڑے تھے۔

تاہم اسٹیج پر موجود ائیرفورس کے اہلکاروں نے امریکی صدر کو سنبھالا اور انہیں دوبارہ کھڑا کر دیا اور پھر وہ جاکر اپنی نشست پر بیٹھے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن کو کسی قسم کی چوٹ نہیں آئی۔

خیال رہے کہ 80 سالہ جو بائیڈن امریکی تاریخ کے معمر ترین صدر ہیں۔ ان کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔

اس سے قبل امریکا میں ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈونلڈ ٹرمپ صدر تھے جو مدت پوری ہونے پر سبکدوش ہوئے تھے۔

Loading