Daily Roshni News

بزرگ جوڑے سے بھاری چیک اِن فیس لینے پر آئرش ائیرلائن کو شدید تنقیدکا سامنا

بزرگ جوڑے سے بھاری چیک اِن فیس لینے پر آئرلینڈ کی نجی ائیرلائن ریان ائیرکو  شدید تنقیدکا سامنا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق 80 سال کی عمر کے جوڑے نے لندن سے بذریعہ ریان ائیر فرانس کا سفر کرنا تھا تاہم جب وہ ائیرپورٹ پہنچے تو انہیں معلوم ہوا کہ غلطی سے وہ روانگی کے ٹکٹ کے بجائے واپسی کا ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کرچکے ہیں۔

جوڑے کے مطابق جب انہوں نے ائیرلائن کے ائیرپورٹ پر موجود کاؤنٹر سے ٹکٹ کا پرنٹ نکلوایا تو اس کے لیے انہیں پیسے بھی ادا کرنا پڑے جو کہ 110 برطانوی پاؤنڈ(40 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) تھے۔

80 سالہ مسافر روتھ کے مطابق صرف ایک کاغذ پرنٹ کروانےکے انہیں 55 پاؤنڈ ادا کرنے پڑے اور انہوں نے دو پرنٹ نکالنےکے 110 پاؤنڈ لیے، اس وقت ہماری مجبوری تھی، صحت کے مسائل کی وجہ سے ہم ائیرپورٹ پر پرنٹر کی سہولت کی تلاش سے قاصر تھے اس لیے ہمیں مجبوراً پیسے انہیں دینا پڑے۔

بعد ازاں بزرگ جوڑے کی بیٹی نے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے پوسٹ کی تو صارفین نے ریان ائیرلائن کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور اسے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب ائیرلائن انتظامیہ نے کمال ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ردعمل میں کہا کہ مذکورہ رقم پالیسی کے تحت اور جائز  وصول کی گئی ہے، مسافر جوڑا اپنی پرواز کی چیک اِن آن لائن کرانےمیں ناکام رہا تھا۔

Loading