Daily Roshni News

بڑھتی مہنگائی،کم تنخواہیں اور تنخواہ نہ بڑھانا کمپنی ملازمین میں مایوسی کی وجہ بننے لگی

بڑھتی مہنگائی،کم تنخواہیں اور تنخواہیں نہ بڑھانا کمپنی ملازمین میں مایوسی کی وجہ بننے لگی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں گیلپ سروے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جب ملازمین کا خیال نہیں رکھا جاتا تو کام سے ان کا لگاؤ بھی ختم ہوجاتا ہے۔

رپورٹ میں مہنگائی اور تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کو ملازمین کی بددلی کی سب سے بڑی وجہ قرار دیا گیا اور بتایا گیا کہ تنخواہ پہلی چیز ہوتی ہے جس کی وجہ سے کوئی اپنے کام سے خوش یا ناخوش ہوتا ہے۔

رپورٹ میں ناخوش ملازمین کے جاب نہ چھوڑنے کو مارکیٹ میں مواقعوں کی کمی سے جوڑا گیا،جس کے باعث ملازمین جہاں ہیں، وہیں پر کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، مگر خاموشی سے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔

رپورٹ میں گیلپ سروے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایسے ملازمین کی شرح 59 فیصد ہے ،جن کا کام میں دل نہیں لگتا اور وہ کم کام کرتے ہیں۔

رپورٹ نے ناخوش ملازمین کی جانب سے کام میں کمی کے رجحان میں اضافے کو کمپنیوں اور ان کے مالکان کے رویےکا نتیجہ بھی قرار دیا

بتایا گیا کہ چند کمپنیاں اور مالکان یہ سمجھتے ہیں کہ لیبر مارکیٹ میں ملازمتوں کے کم مواقعوں کے باعث کنٹرول ان کے پاس ہے ، ملازمین کے پاس کہیں اور جانے کا موقع نہیں،اسی لیے وہ ملازمین کو مراعات نہیں دیتے، جس سے ملازمین میں بد دلی بڑھتی ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ میں کمپنیوں کو مشورہ دیا گیا کہ ملازمین کے لیے کام کی جگہ پر حالات میں بہتری لائیں ورنہ ملازمین کی اکثریت اس وقت تک بددلی سے کام کرتی رہے گی جب تک نوکری چھوڑنے کا موقع نہیں مل جاتا۔

Loading