Daily Roshni News

بڑی گیارہویں، زیر اہتمام کمیونٹی سینٹر دی ہیگ  منعقد ہوئی

بڑی گیارہویں، زیر اہتمام کمیونٹی سینٹر دی ہیگ  منعقد ہوئی

خطابات، گروپ نعت خوانی، کمیونٹی کے خواتین و حضرات اور

نوجوانوں کی بھرپور شرکت جبکہ لنگر غوثیہ کا شاندار انتظام کیا گیا۔

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔محمد جاوید عظیمی۔۔۔ عکاسی۔۔۔میاں عمران)  گزشتہ دنوں پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ کے  زیر اہتمام سالانہ بڑی گیارہویں شریف کی بابرکت تقریب منعقد کی گئی، اس تقریب کا آغاز اللہ تعالیٰ کی آخری آفاقی  مقدس کتاب قرآن مجید فرقان حمید کی تلاوت سے حافظ بلال اسلم چشتی نے کیا

جبکہ نعت ِ رسول مقبولﷺخادم مجتبیٰ بٹ  نے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ منہاج القرآن دی ہیگ کے خطیب و امام علامہ یاسر نسیم قادری نے سچائی کی عظمت اور اس پر عمل پیرا ہونے کے  لئے حاضرین پر زور دیتے ہوئے غوث اعظم ؓ کے بچپن کے واقع کو بیان کرکے اس کی مستند مثال پیش کی اور کہا کہ یہی شیخ عبدالقادر جیلانی کی  تعلیمات کا نچوڑ بھی ہے کہ سچائی کا دامن کبھی بھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔ تقریب کے دوران قرآت و نعت پلیٹ فارم کے گروپ نے کورس کی صورت میں ہم آواز ہو کر خو بصورت انداز میں نعت خوانی کرنے کی سعادت حاصل کی حاضرین  نے بے حد سراہا۔

کمیونٹی سینٹر دی ہیگ کی جامع مسجد کے امام و خطیب علامہ  حافظ غلام مصطفےٰ نقشبندی  نے اپنے علمی فکری خطاب میں اس بات پر توجہ مبذول کروائی کہ کسی بھی ولی کی کرامت اس امت کے نبی کے معجزے کا تسلسل ہوتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ رسول محتشم ﷺ کا سب سے  بڑا معجزہ قرآن ہے اس سلسلے میں فرمان الہی ہے

کہ اور بے شک ہم ان کے پا س ایک کتاب  لائے جسے ہم نے ایک عظیم علم سے مفصل کیا ہدایت و رحمت ایمان والوں کے لئے (الاعراف (52علامہ مصطفےٰ نے قرآن  کے نزول سے قبل کے زمانے کے اولیاء کی کرامات میں سے دوبڑی اور اہم کرامات کا تذکرہ بھی کیا۔ حضرت سلیمان علیہ السلام کا امتی، ملکہ سبا کا تخت ، حضرت موسیٰ علیہ السلام اور حضرت خضر علیہ السلام کا واقعہ ان کرامات کی روشنی میں سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانیؓ کے علم کی بلندی و فضیلت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ آ پ کی کرامات بے حساب ہیں مگر

 

ان کرامات میں سب سے بڑی کرامت جس نے آپ کو قطیبت کے مرتبےتک پہنچایا وہ کرامت علم ہے، تمام حاضرین  نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں اجتماعی طور پر درود وسلام کا تذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ تقریب کی نقابت کے فرائض محمد شفیق چیمہ نے سرانجام دیئے۔ سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد واصف نے شرکت کرنے کی سعادت حاصل کی۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین کی تواضع لذیذ عمدہ لنگرِ غوثیہ سے کی گئی۔

Loading