Daily Roshni News

بھارتی ٹیم کھڑی انتظار کرتی رہ گئی، انتظامیہ ایشیاکپ کی ٹرافی اپنے ساتھ لےگئی

دبئی: ایشیا کپ کی تقریب فاتح ٹیم کو ٹرافی دیے بغیر ہی ختم ہوگئی اور انتظامیہ ٹرافی اپنے ساتھ لے گئی ہے۔

بھارتی ٹیم کھڑی انتظار کرتی رہ گئی لیکن ٹرافی بھارتی کرکٹ ٹیم کو نہیں دی گئی۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ اب بھارتی ٹیم کو ٹرافی ملنے کا امکان نہیں ہے، ایشیا کپ کی  انتظامیہ ٹرافی اپنے ساتھ لے گئی ہے۔

اس کے علاوہ بھارتی ٹیم کو نہ تو میڈلز ملے اور نہ ہی چیمپئن کا بورڈ دیا گیا  جس کے باعث بھارتی ٹیم نے ٹرافی اور چیمپئن کے بورڈ کے بغیر ہی تصاویر بنوائیں۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم اب تک گراؤنڈ میں موجود ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ٹرافی لے کر جائیں گے جب کہ اسٹیڈیم کی لائٹس بھی بجھادی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کے بعد  بھارتی بورڈ کے ایما پر بھارتی ٹیم نے ہٹ دھرمی جاری رکھی اور صدر  ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا۔

بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار  کیا تو  صدر اے سی سی محسن نقوی بھی اپنے فیصلے پر ڈٹ گئے ۔

بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں فائنل تقریب تاخیرکا شکار ہوئی۔

بعد ازاں تقریب کے میزبان سائمن ڈول نے بتایا کہ انہیں ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم آج ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔

خیال رہے کہ ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہ تو پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملایا اور نہ ہی فائنل سے قبل بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان کے ساتھ تصویر بنوائی۔

Loading