Daily Roshni News

بھارت میں 1 ہزار روپے کا فور جی موبائل فون متعارف

نئی دہلی : بھارت کی موبائل فون کمپنی ’جیو‘ نے رواں برس انتہائی کم قیمت پر نیا فور جی موبائل فون متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انٹرنیٹ اور فون کالز کی سستی سہولیات فراہم کرنے والی جیو کمپنی ہندوستان کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کی ’ریلائنس انڈسٹریز‘ کی ذیلی کمپنی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ کمپنی کے اعلان کے مطابق ہندوستان میں بہت جلد صرف ایک ہزار روپے مالیت کے نئے فور جی موبائل فون متعارف کیے جائیں گے۔

ریلائنس انڈسٹریز کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا ہے کہ وہ 999 روپے ($12.19) کی قیمت والا ایک نیا فور جی فون متعارف کرنے کے لیے تیار ہے اس موبائل فون کا نام ‘جیو بھارت’ رکھا گیا ہے۔

ریلائنس جیو کے چیئرمین آکاش امبانی نے کہا کہ ہندوستان میں اب بھی 250 ملین موبائل فون صارفین ایسے ہیں جو ’ٹو جی‘ کی سہولیات استعمال کرتے ہیں، ایک ایسے وقت میں جب دنیا فائیو جی انقلاب کے سرے پر کھڑی ہے اور انٹرنیٹ کی بنیادی خصوصیات کو استعمال کرنے سے قاصر ہے ایسے میں نیا ’جیو بھارت‘ فون کامیابی کی جانب ایک اور قدم ہے۔

ریلائنس ترجمان کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہمارا مقصد ڈیجیٹل خدمات فراہم کرکے ہر بھارتی کو جدید دنیا سے ہم آہنگ کرنا ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو اسمارٹ فون خریدنے کے متحمل نہیں ہیں۔ یہ فون ہندوستان میں 250 ملین فیچر فون صارفین کے لیے ڈیجیٹل آزادی کا آغاز کرے گا۔ پہلے 10 لاکھ ’جیو بھارت‘ فونز کے لیے بیٹا ٹرائل 7 جولائی سے شروع ہو رہے ہیں۔

Loading