ایشیا کپ میں بنگلادیش کو شکست دے کر بھارت کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد اب فائنل میں پہنچنے کیلئے دوسری ٹیم کیلئے اگر مگر کی صورتحال ختم ہوگئی اور راستہ آسان اور واضح ہوگیا۔
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر 4 مرحلے میں بھارت نے بنگلادیش کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
بھارت کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم آخری اوور میں 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
اس جیت کے ساتھ بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا اور سپر 4 میں مسلسل 2 میچز ہارنے والا سری لنکا فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔
البتہ بھارت نےاپنا سپر 4 مرحلے کا آخری میچ جمعہ کو سری لنکا کے خلاف کھیلنا ہے ۔
بھارت کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں اب فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم کا راستہ اگر مگر سےنکل کر بالکل سیدھا ہوگیا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، پاکستان اور بنگلادیش 2،2 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور تیسری پوزیشن پر ہیں۔
اب صورتحال یہ ہے کہ کل سپر 4 مرحلے میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان میچ ہوگا جیتنے والی ٹیم اتوار کو بھارت کے ساتھ فائنل کھیلے گی۔
شائقین امید کررہے ہیں پاکستان کل بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرے اور پھر فائنل میں بھارت کو ہرا کر اپنی مسلسل 2 ہار کا بدلہ لے ۔