ترقی کا وقت آچکا ہے، پاکستان خارجی، معاشی اور عسکری میدان میں آگے بڑھ رہا ہے: وزیراعظم
پاکستان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت مستحکم ہورہی ہے، ترقی کا وقت آچکا ہے ، پاکستان خارجی، معاشی اور عسکری میدان میں آگے بڑھ رہا ہے۔
لندن میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ آپ عظیم پاکستانی ہیں، ملک کی بھرپور خدمت کررہے ہیں، دوتین سال پہلے معیشت ہچکولے کھارہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ معیشت مستحکم ہورہی ہے، معیشت کی ترقی کا وقت آچکا ہے۔
کرکٹ کی مثال دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہناتھاکہ اکیلا کپتان دس کھلاڑیوں کی محنت کے بغیر کچھ نہیں کرسکتا، ٹیم ورک سے ہی کامیابی ملتی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان سفارتی، معاشی اور عسکری میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، ہم نے جنگ جیتی، دشمن کو شکست فاش دی، کشمیر کا مقدمہ اقوام متحدہ میں لڑ کر آیا ہوں، اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ دعا ہے غزہ میں امن قائم ہو، جنگ کا خاتمہ ہو، غزہ اور کشمیر کے مقدمے کو دنیا کے سامنے بہترین انداز میں اجاگر کیا، غزہ میں 64 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکا کے تعلقات میں بہتری آئی ہے، امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات اچھی رہی، پاک امریکا تعلقات مزید آگے بڑھیں گے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہناتھاکہ غزہ کے حوالے سے صدر ٹرمپ کے ساتھ مسلم ملکوں کے رہنماؤں کی اہم ملاقات ہوئی، امید کرتے ہیں مسلم ملکوں کے رہنماؤں اور ٹرمپ کی ملاقات کا نتیجہ مثبت نکلے گا، اقوام متحدہ کے تمام فورمز پر بہترین انداز میں پاکستان کا مقدمہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں پاکستان24 ویں بڑی معیشت تھی، ہماری حکومت نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، موجودہ کوششیں پاکستانی معیشت کو مزید بہتر کریں گی۔