Daily Roshni News

ثانیہ مرزا کا کیرئیر کے عروج پر ذاتی زندگی کے سبب ڈپریشن میں مبتلا ہونے کا انکشاف

بھارت کی سابقہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے کیرئیر کے عروج کے دوران ذاتی زندگی کے مسائل کے سبب وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں۔

حال ہی میں ویمنز کرکٹ ورلڈکپ 2025 کے سیمی فائنل کے دوران کرکٹر جمیما روڈریگز نے بھی اپنی انزائٹی سے متعلق کھل کر اظہار کیا تھا جس کے بعد سابقہ ٹینس اسٹار نے انہیں سراہتے ہوئے ذاتی ذہنی صحت کے مسائل پر بات کی۔

ثانیہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ذہنی صحت کے مسائل پر توجہ دینا اہمیت کا حامل ہے، یہ بہت ضروری ہے، میں نے اپنی زندگی میں اس پر بہت دیر میں توجہ دی کیونکہ مجھے اس حوالے سے آگاہی نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 8 سے 10 برسوں کے دوران لوگوں نے ذہنی صحت کو اہمیت اور اس پر کھل کر بات کرنا شروع کی ہے، اس سے قبل معاشرے میں اس حوالے سے غلط فہمیاں موجود تھیں، کئی لوگ اس پر بات کرنے سے گریز کرتے تھے لیکن مجھے خوشی ہے کہ اب یہ رجحان ختم ہو رہا ہے۔

ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ ہم جیسے لوگ، جن کی آواز نسبتاً زیادہ سنی جاتی ہے ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم ان موضوعات پر بات کریں جن پر عموماً خاموشی اختیار کی جاتی ہے، مجھے خوشی ہے کہ میں نے اس پر بات کی۔

سابقہ کھلاڑی نے اپنی ذاتی مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں خود بھی اس مرحلے سے گزری ہوں، ایک وقت تھا جب میں ڈپریشن میں مبتلا تھی، ٹینس کورٹ کے باہر مجھے کئی مسائل و مشکلات کا سامنا تھا جن سے میں نمٹ رہی تھی، یہ وہ وقت تھا جب میں اپنے کیرئیر کے عروج پر تھی، میں اپنے مشکل وقت میں اس پر بات نہیں کرسکتی لیکن مجھے خوشی ہے کہ جمیما نے اس پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب پوری دنیا کی نظریں آپ پر ہوں تو خود کو کمزور ظاہر کرنے کے لیے حوصلے کی ضرورت ہوتی ہے، عروج کے لمحے میں ایسا کرنا اور بھی مشکل ہوتا ہے، میں جمیما کی کیفیت کو سمجھ سکتی ہوں۔

سابقہ اسٹار نے امید ظاہر کی جمیما کی ہمت سے دیگر کھلاڑیوں کو بھی احساس ہوگا کہ ذہنی صحت پر بات کرنا اس کے لیے مدد لینا باعثِ شرمندگی یا کمزوری نہیں ہے۔

Loading