*جامع مسجد حسین ایتھنز میں جشنِ میلادالنبی ﷺ کی پُروقار محفل، 63 کلو وزنی کیک کاٹا گیا*
یونان:(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نمائندہ خصوصی ۔۔۔انصر اقبال بسراء )ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں دنیا بھر کی طرح یونان میں بھی نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کے سلسلے میں محافلِ میلاد کا انعقاد زور و شور سے جاری ہے۔ اس سلسلے کی ایک روح پرور محفل جامع مسجد حسین ایتھنز میں منعقد کی گئی، جس میں یونان بھر سے عاشقانِ رسول ﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ مختلف ثناء خوانان نے نبی پاک ﷺ کی شان میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ محفل میں شرکت کرنے والے افراد کے چہرے خوشی اور عقیدت سے روشن دکھائی دیے۔
محفل سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالمِ دین علامہ امجد صدیقی نے سیرتِ رسول ﷺ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ امتِ مسلمہ کے لیے خوشی، ہدایت اور محبت کا مہینہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے اور ان سے سچی محبت ہی ہمارے ایمان کی اصل بنیاد ہے۔
محفل کی خاص بات حسب روایت 63 کلو وزنی کیک کاٹنا تھا، جو نبی کریم ﷺ کی عمرِ مبارک کی نسبت سے تیار کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مسجد حسین کی انتظامیہ نے تمام شرکاء کے لیے ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔
آخر میں صدر حق باھو ٹرسٹ یونان چوہدری عیق الرحمٰن، خلیفہ محمد انصر سلطانی اور زاہد خلجی نے تمام مہمانوں اور عاشقانِ رسول ﷺ کا شکریہ ادا کیا اور ربیع الاول کی مبارکباد پیش کی۔
محفلِ میلاد کے اس عظیم الشان اجتماع نے نہ صرف دلوں کو ایمان کی تازگی بخشی بلکہ سیرتِ رسول ﷺ کو اپنانے کا پیغام بھی عام کیا۔
—