جانی پہچانی شخصیت چوہدری عمران چھپر نے نوشاہی مسجد روٹرڈیم میں
افطار ڈنر کا شاندار اہتمام کیا، دی ہیگ کی معروف شخصیات نے
قافلے کی صورت میں شرکت کرنے کی سعادت حاصل کی۔۔۔!!
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نیوز ڈیسک) رمضان المبارک کے مہینے کا آخری عشرہ جاری و ساری ہے۔ ہالینڈ بھر میں مساجد اور اسلامی مراکز میں صاحب ثروت حضرات روزہ داروں کی روزہ کشائی کا انتظام و انصرام کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ گزشتہ روز بروز اتوار 31مارچ 2024کو روٹر ڈیم کی جانی پہچانی شخصیت چوہدری عمران چھپر نے نوشاہی مسجد میں روزہ داروں کے لئے افطار ڈنر کا انتظام و انصرام کیا، جس میں ایمسٹرڈیم ، روٹرڈیم جبکہ دی ہیگ سے قافلے کی صورت میں معروف شخصیات آن لائن اردو اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کے چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی ، مینجنگ ڈائریکٹر میاں عاصم محمود، نمائندہ میاں عمران، چوہدری محمد اقبال قاضیاں، چوہدری علی اعجاز اور یاسر علی نے عقیدت و احترام سے شرکت کرنے کی سعادت حاصل کی۔ میزبان چوہدری عمران چھپر نے افطار ڈنر میں شریک ہونے والے تمام حضرات کا استقبال کرتے ہوئے صمیم قلب سے شکریہ بھی ادا کیا۔ مذکورہ مسجد کے مولانا سرفراز نوشاہی نے ذکر جہر، ختم شریف اور شجرہ نوشاہیہ پڑھ کر اجتماعی دعا بھی کروائی۔ افطار کے بعد نماز مغرب ادا کی گئی بعدازاں روزہ داروں کی تواضع لذیذ عمدہ کھانوں سے کی گئی۔ ڈنر کے اختتام پر تمام شخصیات ایک دوسرے کے ساتھ محو گفتگو ہو گئیں اس دوران ان یادگار لمحات کو کیمرے کی آنکھ سے محفوط کر لیا گیا۔