Daily Roshni News

جب میں پیدا ہوئی تو والد 50 سال کے تھے: کومل عزیز خان

پاکستانی اداکارہ کومل عزیز خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کافی منتوں اور مرادوں کے بعد پیدا ہوئیں اور ان کی پیدائش کے وقت اداکارہ کے والد کی عمر 50 برس تھی۔

حال ہی میں اداکارہ نے ایک مارننگ شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنے کیرئیر سمیت نجی زندگی پر گفتگو کی اور مداحوں کے ساتھ دلچسپ تفصیلات شیئر کیں۔

اداکارہ کی جانب سے اپنی پیدائش کی تفصیلات بتائی گئیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے۔

کومل عزیز خان کے مطابق وہ اپنی والدین کی شادی کے 5 سال بعد بہت منتوں مرادوں کے بعد پیدا ہوئیں، ان کے والد بڑی عمر تک اپنی والدہ کی خدمت کرتے رہے تھے، جب ان کی والدہ انتقال کر گئیں تو ان کے والد نے شادی کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘میری پیدائش کے وقت والد کی عمر 50 سال تھی، ایسے پاکستانی باپ ہوتے ہی نہیں ہوں گے جیسے میرے والد تھے، ان کی زندگی بدل گئی تھی جب ان کے ہاں میں اور پھر میرے بعد میری بہن کی پیدائش ہوئی’۔

کومل عزیز نے بتایا کہ ‘میرے والد بینک میں نوکری کرتے تھے تو امی بتاتی ہیں کہ وہاں جاکر سوچتے رہتے تھے کہ اس کو کیا کھلانا چاہیے اور کیا نہیں تاکہ یہ موٹی تازی ہو’۔

انہوں نے بتایا کہ ’مجھے والدہ سے تو ڈر لگتا تھا لیکن والد سے کبھی نہیں ڈرتی تھی، والد حساس طبیعت کے مالک تھے وہ ماں سے زیادہ ان کا خیال رکھتے تھے‘۔

مجھے جلتا دیکھ کر والد بے ہوش ہوگئے تھے: اداکارہ

اداکارہ نے ایک واقعہ بتایا کہ جب ان کی سالگرہ منائی جا رہی تھی تو اس دوران انہوں نے غبارے اٹھانا چاہے تو ان کے اوپر گرم چائے گرگئی اور وہ جل گئیں۔

بات جاری رکھتے ہوئے کومل نے کہا کہ چائے گرنے کے بعد  والدہ نے ان کے کپڑے اتار کر انہیں ٹھنڈے پانی میں نہلایا اور پھر ائیر کنڈیشنڈ کے سامنے بٹھا دیا لیکن ان کے والد انہیں جلتا دیکھ کر بے ہوش ہوگئے۔

کومل عزیز خان کے مطابق ان کے والد 8 سال قبل انتقال کرگئے تھے۔

Loading