استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان نے الزام لگایا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید نے آرمی چیف بننے کیلئے ہمارے خلاف کارروائیاں کروائیں۔
جمعرات کو ٹیکسلا میں استحکام پاکستان پارٹی کا جلسہ ہوا جس میں پارٹی قیادت اور رہنماؤں نے شرکت کی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان نے کہا کہ نیا پاکستان فرح گوگی بنا رہی تھی، عمران خان اپنی اولاد سمیت کسی کے ساتھ مخلص نہیں تھا، جو اپنی اولاد کا نہیں اس نے ہمارا کیا ہونا تھا، تجوری گھر والی بھر رہی تھی اور ہمیں کہتا تھا کہ ریاست مدینہ بناؤ۔
علیم خان نے کہا کہ جنرل فیض نے آرمی چیف بننے کیلئے ہمارے خلاف کارروائیاں کروائیں، جہانگیر ترین کے گھر والوں پر اور میری بیٹی پر پرچے کٹوائے گئے۔
اس کے علاوہ استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کے سابق وزیرغلام سرور کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیرخان ترین نے کہا کہ غلام سرورخان میرے بھائی ہیں،ان کی خواہش پر آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا ہم پہلے اور بعد میں اپنے بارے میں سوچیں گے، ہمیں اپنی زبان سوچ سمجھ کر استعمال کرنی چاہیے، ہمیں کسی کےخلاف بری بات نہیں کرنی چا ہیے ، ہم یقیناً نیا پاکستان بنائیں گے۔