Daily Roshni News

جنگ سے متاثرہ کرائمیا پل کو جزوی طور پر کھول دیا گیا

روسی حکومت نے حملے سے متاثر ہونے والے کرائمیا پُل کو جزوی طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا۔

روس کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ یوکرین نے ڈرون حملے سے بحیرہ اسود پر قائم روس کے زیرانتظام کرائمیا کے پل کو نقصان پہنچایا، اس حملے کے نتیجے میں 2 روسی شہری ہلاک اور ایک بچی زخمی ہوئی۔

تاہم حملے کے اگلے روز ہی پُل کی ایک لین کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے

میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے پُل پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی اہم ٹرانسپورٹ لنک کے خلاف دہشتگردی کی کارروائی قرار دیا ہے جب کہ پیوٹن نے اس کے نتیجے میں روسی فوج کے جواب دینےکے عزم کا بھی اظہار کیا۔

اسی حوالے سے روس کے نائب وزیراعظم نے پل پر ٹریفک کی روانی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پُل کے دونوں ٹریک کو ستمبر تک ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔

دوسری جانب کرائمیا پُل کو نقصان پہنچانے پر روس نے یوکرین سے اناج برآمدات کے معاہدے پر عملدرآمد روکنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم اب اس حوالے سے یوکرین کے صدر نے کہا ہےکہ ماسکو کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے کے باوجود بحیرہ اسود سے اناج کی برآمدات جاری رہیں گی۔

روس اور یوکرین کے درمیان بذریعہ سڑک اور ٹرین کی سفری سہولت کے لیے یہ پل 2018  میں کھولا گیا تھا۔

Loading