اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سویلین اور ملٹری قیادت کے درمیان تعلقات میں دراڑ آنے کی قیاس آرائیوں کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے دعوے ’’بے بنیاد‘‘ اور ’’گمراہ کن‘‘ ہیں۔
سابق پرنسپل سیکرٹری ٹوُ پرائم منسٹر اور کابینہ میں قریبی مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ نے دی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اور کچھ سیاسی حلقوں میں زیر گردش اِن افواہوں میں کوئی صداقت نہیں کہ حکومت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے واضح طور پر ایسی باتوں کو مسترد کیا کہ چیف آف آرمی اسٹاف / چیف آف ڈیفنس فورس (سی ڈی ایف) کے نوٹیفکیشن میں اختلافات کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے، سویلین اور ملٹری لیڈرشپ کے درمیان تعلقات میں کوئی دراڑ نہیں، دونوں جانب ورکنگ ریلیشن شپ پرسکون اور مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔
ڈاکٹر توقیر شاہ نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ نون لیگ کے رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بڑا احترام کرتے ہیں اور متعدد مواقع پر پیشہ ورانہ رویے، عزم اور قوم کی خدمت کیلئے وہ اُن کی تعریف بھی کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 27 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا، جس سے ان کی ادارہ جاتی ڈھانچے اور فوجی قیادت کیلئے مسلسل حمایت اور عزم کا اعادہ ہوتا ہے۔
کشیدہ تعلقات کے حوالے سے جاری تمام افواہوں اور نوٹیفکیشن میں ہونے والی تاخیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ محض شرارت ہیں اور افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قیاس آرائیوں پر مبنی بیانیے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا سوائے اس کے کہ صرف کنفیوژن پھیلے وہ بھی اُس وقت جب استحکام اور اتحاد کی ضرورت ہو۔
ڈاکٹر توقیر شاہ نے زور دے کر کہا کہ منتخب حکومت اور فوجی قیادت کے درمیان غیر معمولی طور پر ہم آہنگ تعلق موجود ہے، قومی ترجیحات اور مقاصد کے حصول کیلئے دونوں میں مکمل طور پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے، اور اس کے برعکس کوئی بھی بات بے بنیاد ہے۔
![]()
