Daily Roshni News

دبئی کی مشاورت میں سربراہ پی ڈی ایم کوکیسے نظر اندازکیا جاسکتا ہے؟ حافظ حمد اللہ

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ کا  کہنا ہے کہ  دبئی میں ہونے  والی مشاورت میں مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، پی ڈی ایم کے سربراہ کو کیسے نظر انداز کیا جاسکتا ہے۔

پروگرام  ‘جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان  پی ڈی ایم کے سربراہ ہیں، انہیں کیوں مشاورت سےدور  رکھا گیا؟ ان کو کیسے نظر انداز کیا جاسکتا ہے؟ 

حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ آئینی طور  پر الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، اسمبلیوں کی مدت 12 اور 13 اگست کو ختم ہوگی، اسمبلی وقت سے پہلے توڑ دی جاتی ہے تو الیکشن 90 روز کے اندر ہوگا، اگر  اسمبلی وقت پر  ختم ہوتی ہے تو  60 روز کے اندر الیکشن ہوگا۔

 ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ  الیکشن کرانا پی ڈی ایم کی ذمہ داری نہیں، الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ہم مقررہ وقت پر الیکشن چاہتے ہیں، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اور حکمران اتحاد انتخابی اتحاد نہیں، ہرپارٹی الیکشن میں اپنی کارکردگی کے مطابق الیکشن میں جائےگی، ہر جماعت علیحدہ علیحدہ الیکشن لڑےگی، البتہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل  پشاور میں سینیئر صحافیوں سے ملاقات اور غیر رسمی گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن پی ڈی ایم کا حصہ ہے، دبئی میں پیپلز پارٹی کی قیادت  سے ہونے والی ملاقات پر اعتماد میں نہیں لیاگیا، اتنا بڑا قدم اٹھانے پر ہم سے مشاورت نہیں کی گئی، یہ سوال میرے ذہن میں ہے۔

 بعد ازاں گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔

Loading