دسمبر 2018ء کو ٹی وی اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار علی اعجاز کا یوم وفات
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )آج ہی کے دن 18 دسمبر 2018ء کو ٹی وی اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار علی اعجاز دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
علی اعجاز 1941ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ قدرت نے ان کے لیے شوبز میں کام کرنا لکھا تھا، یہی وجہ ہے کہ زمانہ طالب علمی سے فراغت کے بعد بطور بینکر اپنے کیریئر کی شروعات کی لیکن کچھ عرصے میں ہی اس کام سے ان کا دل اُچاٹ ہوگیا وہ ایک اداکار کی حیثیت سے زندگی بسر کرنا چاہتے تھے۔
علی اعجاز چونکہ منور ظریف کے گہرے دوست تھے، یہی دوستی ان کے اداکار بننے کی پہلی وجہ ثابت ہوئی۔
انہوں نے فنی کیریئر کی شروعات ریڈیو پاکستان لاہور سے کی۔ 60ء کی دہائی میں اپنی آواز کے ذریعے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا، یہی وہ زمانہ ہے جب لاہور میں اسٹیج تھیٹر بھی مقبولیت کی منازل طے کر رہا تھا، اس لیے خود کو اسٹیج کے لیے بھی وقف کیا۔
اطہر شاہ خان جیدی کے لکھے ہوئے ڈرامے ’لاکھوں میں تین‘ میں تین مرکزی کرداروں میں سے ایک کردار نبھایا اور یوں پہلی مرتبہ عوامی شہرت کے دروازے ان پر پوری طرح کھل سکے۔ اس ڈرامے میں ان کا تکیہ کلام ’ایوری باڈی کو چائے کی صلح مارتا ہے‘ کو بہت مقبولیت حاصل ہوئی۔
علی اعجاز نے بہت سی فلموں میں کام کیا، جن میں پنجابی , اردواور ایک پشتو فلم بھی شامل ہے جس کا نام ’خانو دادا‘ تھا۔ ان کی چند نمایاں اردو اور پنجابی فلموں کی فہرست درج ذیل ہے۔
انسانیت, دلبرجانی ۔یملا جٹ, سیاں, ٹائیگر گینگ, سجن دشمن, لیلیٰ مجنوں, وحشی جٹ, وارنٹ, دبئی چلو, سالا صاحب، چاچا بھتیجا، مولا جٹ تے نوری نتھ اورچور مچائے شور وغیرہ.
ٹی وی ڈراموں میں مزاحیہ اداکاری نے علی اعجاز کے فنی کیریئر کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں خواجہ اینڈ سن، شیدا ٹلی اور کھوجی شامل ہیں۔
حکومتِ پاکستان کی طرف سے 1993ء میں تمغہ حسن کارکردگی حاصل کرنے کے علاوہ، انہیں متعدد نگار ایوارڈز بھی ملے۔ انہوں نے اپنے نام پر ایک فلاحی ادارہ بھی قائم کیا جس کے ذریعے سیکڑوں بے گھر افراد کو چھت مہیا کی گئی۔ وہ جتنے بڑے اداکار تھے، اس سے بھی کہیں زیادہ انکسار پسند انسان بھی تھے۔
علی اعجاز صاحب کی یادیں ان کے مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
ٹیم صدائے پشاور دعاگو ہے کہ اللہ پاک مرحوم علی اعجاز صاحب کی کامل مغفرت فرمائے۔ آمین
#ShowBiz #actor #Ali #Aliejaz #films #filmstar #radio
![]()

