کوئٹہ: ٹریک پر دھماکے کے بعد جعفر ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثے میں 5 مسافر زخمی ہوگئے۔
بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے دشت میں ریلوے ٹریک پر دھماکے کے بعد پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کی 5 بوگیاں پٹری سے اترگئیں جبکہ ایک الٹ گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس منگل کی شام 7 بجے مستونگ کے علاقے دشت پہنچی تو ٹریک پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ٹرین کی 5 بوگیاں پٹری سے اترگئیں جبکہ ایک بوگی پٹری سے اترکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 5 مسافر معمولی زخمی ہوئے جن کو موقع پر طبی امداد فراہم کردی گئی ۔
ریلوے حکام نے کہا کہ واقعہ کے بعد لیویز اور ایف سی حکام موقع پر پہنچ گئے اور مسافروں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب ڈی ایس ریلویز کوئٹہ عمران حیات کی سربراہی میں امداد ی ٹیمیں حادثے کے مقام پر پہنچ گئیں اور ٹریک کی بحالی کیلئے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق منگل کی صبح بھی اسی مقام پر ٹریک کے قریب دھماکا ہوا تھا ،تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔