Daily Roshni News

دوحا میں امریکا اور طالبان وفد کی ملاقات ہوگی، افغان وزارتِ خارجہ نے تصدیق کر دی

افغان وزارتِ خارجہ نے دوحا میں امریکا اور طالبان وفد کی ملاقات کی تصدیق کر دی ۔

گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ امریکی حکام کی رواں ہفتے دوحا میں طالبان نمائندوں کے وفد سے ملاقات ہوگی جس میں معیشت، سکیورٹی اور خواتین کے حقوق پر بات چیت ہوگی۔

تاہم رواں ہفتے ہونے والی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے افغان وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دوحا میں امریکی وفد سے ملاقات میں افغان وفد کی قیادت نگران وزیر خارجہ امیرخان متقی کریں گے۔

افغان وزارتِ خارجہ  کے مطابق دوحا مذاکرات میں افغانستان کی ترجیح پابندیوں اور بلیک لسٹوں کو ختم کرانا ہوگا۔

 دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان سے ملاقات کا مطلب امریکی پالیسی میں تبدیلی نہیں ، جب امریکا کے مفاد میں ہوگا ، طالبان کے ساتھ مناسب طریقے سے بات کریں گے ۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق افغانستان کے امریکی نمائندہ خصوصی تھامس ویسٹ اور افغان خواتین، لڑکیوں اور انسانی حقوق کی ایلچی رینا امیری طالبان کے وفد سے ملاقات کریں گے۔

 تھامس ویسٹ اور رینا امیری 26 سے 31 جولائی تک قازقستان اور قطر کا دورہ کر رہے ہیں۔

Loading