Daily Roshni News

روزانہ ایک سیب کھانے کا یہ فائدہ آپ کو ضرور پسند آئے گا

کینسر، امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور دیگر سنگین بیماریوں کو خود سے دور رکھنا چاہتے ہیں؟ تو روزانہ ایک سیب کھانا عادت بنالیں۔

یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Anhui میڈیکل یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ فلیونولز نامی کیمیائی مرکبات پر مشتمل غذاؤں کا استعمال متعدد امراض سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔

یہ کیمیائی مرکبات اینٹی آکسائیڈنٹ خصوصیات سے لیس ہوتے ہیں اور سیب، ٹماٹر، کافی اور پیاز جیسی غذاؤں میں موجود ہوتے ہیں۔

اس تحقیق میں لگ بھگ 12 ہزار افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

تحقیق میں دیکھا گیا کہ غذا کے ذریعے یہ افراد روزانہ کتنی مقدار میں فلیونولز مرکبات کو اپنے جسم کا حصہ بناتے ہیں اور اس سے صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ان افراد کی صحت کا جائزہ 8 سال تک لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ فلیونولز سے بھرپور غذاؤں کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد میں کینسر، امراض قلب اور دیگر متعدد امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

درحقیقت انہوں نے دریافت کیا گیا کہ کینسر سے موت کا خطرہ 50 فیصد، امراض قلب سے موت کا خطرہ 33 فیصد اور الزائمر امراض کا خطرہ 25 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

کیا دہی کھانے سے ذیابیطس سے بچنے میں مدد ملتی ہے؟

محققین کے مطابق نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال طویل المعیاد بنیادوں پر صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کی تحقیقی رپورٹس میں بھی ثابت ہوا ہے کہ فلیونولز کے استعمال سے متعدد امراض اور جلد موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کیمیائی مرکبات سیب، پیاز، انگور، بیریز، سیاہ چائے، کافی، چاکلیٹ اور سبز پتوں والی سبزیوں میں وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل سائنٹیفک رپورٹس میں شائع ہوئے۔

Loading