Daily Roshni News

روسی صدر پیوٹن نےکم جونگ ان کی شمالی کوریا کے دورے کی دعوت قبول کر لی

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی جانب سے دی گئی دورے کی دعوت قبول کر لی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے بعد کم جونگ ان نے روسی صدر کو شمالی کوریا کے دورے کی دعوت دی تھی۔

رپورٹس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی دعوت قبول کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی تاریخ کو آگے لے کر چلنے کا اعائدہ کیا۔

روسی صدر سے ملاقات کے موقع پر کم جونگ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ روس اپنے دشمنوں پر فتح یاب ہوگا۔

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ 4 برس بعد دو روز قبل بذریعہ ٹرین روس پہنچے تھے اور اس حوالے سے کم جونگ ان کا کہنا تھا روس کے دورے کا واضح مقصد دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ اور روسی صدر کی ملاقات روسی اسپیس سینٹر میں ہوئی اور روسی صدر نے شمالی کوریا کے سربراہ کو اسپیس سینٹر کا دورہ کرایا۔

شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے روسی صدر سے ملاقات میں دفاع اور ٹیکنالوجی تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق روسی صدر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ نے راکٹ ٹیکنالوجی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور روس شمالی کوریا کی سیٹیلائٹ بنانے میں مدد کر سکتا ہے، شمالی کوریا اپنا خلائی پروگرام تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

Loading