Daily Roshni News

رونالڈو انسٹا گرام پر 60 کروڑ فالوورز حاصل کرنیوالے دنیا کے پہلے انسان بن گئے

دنیائے فٹبال کے نامور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو انسٹاگرام پر 60 کروڑ فالوورز حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے انسان بن گئے۔

پرتگال کے نامور فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے نہ صرف فٹبال کی دنیا میں اپنا نام بنایا بلکہ اب انہوں نے انسٹاگرام پر 60 کروڑ فالوورز رکھنے والی پہلی شخصیت بن کر ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی شخصیت میں کرسٹیانو رونالڈو کے بعد دوسرے نمبر پر ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی ہیں جن کے فالوورز کی تعداد 48 کروڑ 20 لاکھ سے زائد ہے۔

اس فہرست میں تیسرا نمبر امریکی گلوکارہ و اداکارہ سیلینا گومز کا ہے جن کے ان انسٹاگرام پر 42 کروڑ 70 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔

اس کے علاوہ انسٹاگرام پر ٹاپ 10 فالوورز حاصل کرنے افراد کی فہرست میں سوشل میڈیا اسٹار، بزنس وومن اور ماڈل کائیلی جینر، اداکار ڈوئین جانسن ،گلوکارہ آریانا گرانڈے، ماڈل کم کارڈیشیشن وغیرہ شامل ہیں۔

فوٹو: ویکی پیڈیا اسکرین شاٹ
فوٹو: ویکی پیڈیا اسکرین شاٹ

واضح رہے کہ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کیا جانے والا اکاؤنٹ انسٹاگرام کا اپنا ہی ہے جس کے فالوورز کی تعداد 65 کروڑ ہے۔

فوربز کے مطابق 38 سالہ کرسٹیانو رونالڈو 50 کروڑ ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ  دنیا کے امیر ترین اور کامیاب ایتھلیٹس میں سے ایک ہیں۔

دوسری جانب پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کا جادو سعودی عرب میں بھی چل گیا ہے۔

سعودی فٹ بال کلب النصر نے رونالڈو کی قیادت میں تاریخ میں پہلی بار عرب کلب چیمپئنز کپ جیت لیا۔

سعودی دارالحکومت ریاض کےکنگ فہد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں عرب کلب چیمپئنز کپ کا ٹائٹل رونالڈو کی ٹیم النصر کے نام رہا۔

Loading