Daily Roshni News

سائنسدانوں نے تیار کی برقی مصنوعی جلد جو گرمی اور چھونے کا احساس بھی رکھتی ہے۔

سائنسدانوں نے تیار کی برقی مصنوعی جلد جو گرمی اور چھونے کا احساس بھی رکھتی ہے۔

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )آپ نے کبھی سوچا ہے کہ ایک روبوٹ انسانوں کی طرح حساس ہوسکتا ہے؟ ایسا وقت شاید جلد ہی آنے والا ہے! سائنسدانوں نے ایک حیرت انگیز برقی جلد تیار کی ہے جو نہ صرف گرمی اور لمس کو محسوس کرتی ہے بلکہ جب اسے کھینچا یا موڑا جائے تو بھی یہ اپنا احساس نہیں کھوتی! جی ہاں، اب ہم بات کر رہے ہیں “مصنوعی لچکدار برقی جلد” کی، جو اپنے ارد گرد کے ماحول کو محسوس کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، چاہے اسے کسی بھی طرح موڑ دیا جائے۔

پہلے کی برقی جلدیں کھینچنے پر حساسیت کھو دیتی تھیں، لیکن اس نئی جلد میں ایک خاص “ہائبرڈ پریشر سنسر” شامل کیا گیا ہے جو دباؤ کا احساس کرتے ہوئے اپنی کارکردگی برقرار رکھتا ہے، چاہے جلد کو کتنا بھی کھینچا جائے۔

یہ ایجاد نہ صرف صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کر سکتی ہے بلکہ قدرتی آفات کے دوران ریسکیو مشنوں میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے! تصور کریں ایک روبوٹ نرس جو نازک انداز میں مریضوں کی دیکھ بھال کرے، یا ایک روبوٹ جو تباہ شدہ عمارتوں میں پھنسے لوگوں کو فوری طبی امداد فراہم کر سکے! یہ سائنسدان اسی جلد کا استعمال کرتے ہوئے ایک روبوٹک بازو پر بھی کام کر رہے ہیں جو نہایت باریک کام بھی انسانی ہاتھوں کی طرح آسانی سے انجام دے سکے گا۔

یہی نہیں، یہ برقی جلد مستقبل میں مصنوعی اعضا، ورچوئل رئیلٹی، پہننے والی ڈیوائسز، گاڑیوں کی صنعت، اور ماحول کی نگرانی جیسے شعبوں میں بھی ایک نیا انقلاب لاسکتی ہے! یہ نئی جلد نہ صرف مشینوں کو دنیا کے ساتھ زیادہ قدرتی اور حساس انداز میں جڑنے میں مدد دے گی بلکہ ہماری زندگیوں کو بھی بدل دے گی۔

تو کیا آپ تیار ہیں ایک ایسے مستقبل کے لیے جہاں روبوٹ نہ صرف کام کریں گے بلکہ محسوس بھی کریں گے؟

تصویر: الیکٹرانک جلد، (KAUST)

ترجمہ و تلخیص:  حمزہ زاہد۔

ماخذ: ہاشم الغیلی، فیس بک پیج.

Loading