سفارت خانہ پاکستان، نید رلینڈز نے پاکستان کے نامو ر پینٹر اور آرٹسٹ
عمران قریشی کے فن پاروں کی پہلی نمائش “Scattered yet Together”
پلخری سٹوڈیو میں منعقد کی۔ جو مورخہ 23 مارچ سے 14 اپریل 2024 تک جاری رہے گی۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نمائندہ خصوصی )نمائش کا با قاعدہ افتتاح بدست سفیرِ پاکستان سلجو ق مستنصر تارڑ، پلخری اسٹوڈیو کی چیئرپرسن ماریٹا ریجرکیرو اور آرٹسٹ عمران قریشی نے کیا۔
پلخری اسٹوڈیو کی چیئرپرسن ماریٹا ریجرکیرو نے اپنی تقریر میں عمران قریشی کے فن کی تعریف کرتے ہوئے نمائش کے انعقاد پرسفیر سلجوق مستنصر تارڑ کا شکریہ ادا کیا جن کی مسلسل دوسالہ کاوشوں کی بدولت نمائش کا انعقادممکن ہوا۔
تقریب کے دوران عمران قریشی کے ساتھ ایک آرٹسٹ ٹاک کا بھی اہتمام کیا گیا۔
سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے طرز نمائش کی تیاری اور پاکستان میں عصری آرٹ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے علم ِ فنون کی مختلف انواع کا ذکر کیا اور بتایا کہ کس طرح پاکستان سے عصری منی ایچر پینٹنگ ایک عالمی آرٹ کی تحریک بن کر ابھر رہی ہے۔ سفیرسلجوق مستنصر تارڑ نے پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان ثقافتی روابط پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستانی کے بصری فنکار بھی اپنی تعلیم یا کیریئر کے دوران ڈچ ماسٹرز کے طرزِ فن سے متاثر ہوئے ہیں۔
عمران قریشی نے گفتگو کے دوران بتایا کہ انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں منی ایچر ڈیپارٹمنٹ میں کیسے شمولیت اختیار کی جو اس وقت منی ایچر پینٹنگ میں گریجویٹ ڈگری کروانے والی چند ایک درسگاہوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم میں چھتوں کے کمیشن سمیت بڑے پیمانے کے مختلف منصوبوں کو اجاگر کیا اور یہ کہ کس طرح اس نے بڑے پیمانے پر عصری آرٹ کے کام کو تیار کرنے میں روایتی منی ایچر پینٹنگ کی مہارت کا استعمال کیا۔
افتتاحی تقریب میں لوگوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ جس میں میں نیدرلینڈز کی وزارت ِخارجہ کے اعلیٰ عہدے دار ان، بشمول مسٹر واؤٹر یورخن، ڈائریکٹر برائے ایشیا اور اوشیانا، سفیر ڈیوی فن ڈیر ویرڈ،سفیر برائے بین الاقوامی ثقافتی تعاون، سفیر بی ٹین ٹشر،ڈچ خصوصی ایلچی برائے آزادی ِ مذہب اور عقیدے کی سفیر، جوانا روپر،دی ہیگ میں برطانوی سفیر، سفیر تھامس ڈریو،پاکستان میں سابق برطانوی ہائی کمشنر، Rijksmuseum کے نمائندگان، فنکاروں، اور دی ہیگ میں مختلف گیلریوں اور عجائب گھروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
پلخری سٹوڈیو ایک ڈچ آرٹ سوسائٹی ہے جو1847 میں قائم کی گئی اور یہ 1901سے فعال ہے۔یہ گیلری مختلف موقعوں پر نمائش کے لئے عوام اور سیاحوں کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔
پاکستان اور نیدرلینڈز کہ مابین مضبوط دوستانہ روابط قائم ہیں۔ دونوں ممالک نے گزشتہ سال 2023 میں اپنے سفارتی تعلقات کی75 ویں سالگرہ بھی منائی ہے۔ نمائش “Scattered Yet Together” پاکستانی فن، ثقافت اور ورثہ کو ڈچ قوم میں متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ پبلک ڈ پلومیسی کی ایک روشن مثال ہے