Daily Roshni News

سفیر پاکستان سید حیدر شاہ کا صحافیوں کے اعزاز میں عشائیہ ۔۔۔

ہالینڈ ، سفیر پاکستان سید حیدر شاہ کا صحافیوں کے
اعزاز میں عشائیہ اور خصوصی گفتگو ۔۔۔
خصوصی رپورٹ ۔۔۔ جاوید عظیمی
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹر نیشنل۔۔۔ رپورٹ۔۔۔جاوید عظیمی۔۔۔عکاسی۔۔۔جاوید بٹ پیارا )ہالینڈ میں مقیم پاکستانیوں اور سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کے مابین باہمی روابط اور تعلقات مضبوط چلے آرہے ہیں۔ان کو مزید مضبوط تر بنانے کے لیے دو طرفہ کاوشیں کو جاری رکھنا ہے۔ اسی تناظر میں گزشتہ دنوں بروز جمعرات 4 ستمبر 2025 شام ساڑھے سات بجے سفیر پاکستان سید حیدر شاہ نے ہالینڈ میں مقیم متحرک صحافی برادری کے اعزاز میں پاکستان ہاؤس دی ہیگ میں پر تکلف عشائیے کا اہتمام کیا۔ مذکورہ عشا ئیے میں شرکت کے لئے جب صحافی برادری پاکستان ہاؤس پہنچی تو سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کے متحرک افسران ڈپٹی ہیڈ آف مشن جمال ناصر ، فرسٹ سیکرٹری محمد جنیداور کمرشل سیکرٹری محمد شفیق حید ر ورک نے مسکراتے چہروں کے ساتھ پر تپاک استقبال کیا ۔ سفیر پاکستان سید حیدر شاہ نے اپنی گفتگو کے ابتداء میں تمام معزز مہمانان گرامی کو صمیم قلب سے خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا شرکت کرنے پر تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا ۔ محترم سفیر نے کہا شعبہ صحافت میں آپ سب متحرک ہو کر وطن عزیز پاکستان کے نام کو روشن اور اس کے وقار کو بلند کرنے کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دینے میں ہمہ وقت مصروف عمل ہیں، اس کے لئے آپ سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ محترم سفیر نے اپنے مخصوص دھیمے لہجے میں گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ہمیں اس ملک کے قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی مثبت سرگرمیوں کو جاری رکھنا ہے ۔ سفیر پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ آپ اپنی تحریروں میں پاکستانی نوجوانوں کو یہاں کی سیاست میں حصہ لینے اور ایوان بالا تک رسائی حاصل کرنے کی رغبت دلائیں۔ جب ہمارے نوجوان متذکرہ رسائی حاصل کرلیں گے تو اس سے وطن عزیز پاکستان کا نام روشن اور اس کے وقار میں بھی اضافہ ہو گا۔ محترم سفیر نے اپنی علمی، فکری گفتگو کے دوران اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں اپنے تشخص کو برقرار رکھنا چاہیے۔ اس خصوصی طویل دورانیے کی ملاقات کے دوران لذت کام و دہن کے لئے وقفہ کیا گیا۔ سفیر پاکستان نے تمام معزز صحافیوں کو کھانے کی میز پر سلیقے اور قرینے سے رکھے گئے انواع و اقسام کےکھانے لینے کے لئے مدعو کیا، میزبانوں اور مہمانوں نے مل کر کھانا تناول کیا۔ بعد ازاں
چائے کی میز پر گفتگو کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اس دوران سینیئر صحافی راجہ فاروق حیدر ، منصور عالم ، عرفان علی کا ظمی اور دیگر صحافیوں نے سفیر پاکستان سے سوالات کئے جن کے انہوں تسلی بخش جوابات دیئے۔
چند سوالات جو ڈپئی پیڈ آف مشن جمال ناصر سے کئے گئے جن کے انہوں نے بڑی صراحت اور تفصیل سے جوابات دیئے۔ گفتگو کے اختتام پر سفیر پاکستان سید حیدر شاہ نے صحافیوں کا شرکت کرنے پر صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا۔ یادر ہے متذکرہ ملاقات میں الیکٹرانک میڈیا ، اخبارات کے نمائندگان کے ساتھ ساتھ معروف آن اردو اخبار ڈیلی روشنی نیوز انٹر نیشنل کے مدیر اعلی محمد جاوید عظیمی ، ایم ڈی میاں عاصم محمود اور بیورو چیف دی ہیگ جاوید بٹ پیارا نے نہ صرف شرکت کی بلکہ محنت شاقہ سے کوریج کے اموربھی بخوبی سر انجام دیئے ۔

Loading