سیسے کو سونے میں بدلنے کا انوکھا واقعہ
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )الکیمسٹ وہ خواب پرست سائنس دان تھے جن کی زندگی کا سب سے بڑا خواب تھا: عام دھاتوں کو سونے میں بدل دینا۔ وہ بھٹیوں میں دن رات کچھ نہ کچھ پکاتے، رنگ برنگے محلول بناتے، اور امید رکھتے کہ ایک دن سونا ہاتھ آ جائے گا۔ مگر یہ خواب، صدیوں تک صرف خواب ہی رہا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سونے اور سیسے کے ایٹموں میں صرف تین پروٹان کا فرق ہوتا ہے۔ اگر سیسے کے مرکزے سے یہ تین پروٹان نکال دیے جائیں، تو وہ سونے کا ایٹم بن جاتا ہے۔ سوال صرف اتنا ہے: کیا ایسا ممکن ہے؟
حال ہی میں، سوئٹزرلینڈ کے مشہور تحقیقی ادارے سرن (CERN) میں ایسا ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا۔ دنیا کی سب سے بڑی سائنسی مشین لارج ہیڈرون کولائیڈر (LHC) میں، جب سائنس دانوں نے سیسے کے ایٹموں کو روشنی کی رفتار کے قریب ایک دوسرے سے گزارا، تو اس ٹکراؤ سے اتنا طاقتور برقی مقناطیسی میدان پیدا ہوا کہ فوٹونز نے سیسے کے مرکزے سے تین پروٹان نکال دیے — اور وہ لمحہ بھر کے لیے سونے میں بدل گیا۔
مگر یہ سونا نہ زیور بنا، نہ خزانے میں پہنچا۔ اس کا وزن تھا صرف 29 پیکوگرام — یعنی ایک گرام کا اربواں حصہ — اور عمر؟ محض چند مائیکرو سیکنڈ۔ بس آیا، چمکا، اور غائب ہو گیا۔
ایسا لگا جیسے صدیوں پرانا خواب ایک پل کو حقیقت بن کر جھلک دکھا گیا — مگر صرف سائنس کی لیبارٹری میں، اور صرف لمحہ بھر کے لیے۔
تحریر: ظہیر یوسف
#ظہیریوسف #sciencekar