Daily Roshni News

سیٹلائیٹ میسجز کی سہولت جلد اینڈرائیڈ ڈیوائسز کیلئے متعارف کرائے جانے کا امکان

2022 میں ایپل کی آئی فون 14 سیریز میں سیٹلائیٹ کے ذریعے ایمرجنسی ایس او ایس پیغامات بھیجنے کا فیچر متعارف کرایا گیا تھا جس نے اب تک متعدد زندگیاں بھی بچائی ہیں۔

اس کے بعد اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیےکوششیں تو ہوئیں مگر اب تک یہ سہولت صارفین کو دستیاب نہیں۔

مگر مستقبل قریب میں اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے بھی اس سے ملتی جلتی سروس استعمال کرسکیں گے۔

درحقیقت اینڈرائیڈ فونز کے لیے ایپل سے زیادہ بہتر سیٹلائیٹ میسجنگ فیچر متعارف کرایا جائے گا۔

خیال رہے کہ سیٹلائیٹ سروس کے ذریعے آئی فون استعمال کرنے والے صارفین ایسے مقامات سے ایمرجنسی میسجز بھیجتے ہیں جہاں موبائل یا وائی فائی سگنلز موجود نہیں ہوتے۔

9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق نئے اینڈرائیڈ 15 آپریٹنگ سسٹم میں سیٹلائیٹ میسجنگ سپورٹ فراہم کی جائے گی۔

یہ اینڈرائیڈ سسٹم رواں سال کی چوتھی سہ ماہی میں باضابطہ طور پر متعارف کرایا جائے گا، مگر اس کا بیٹا (beta) ورژن ابھی ڈویلپرز کو دستیاب ہے۔

اس بیٹا ورژن میں سیٹلائیٹ میسجنگ فیچر کی موجودگی اور اس کے کام کرنے کے طریقہ کار کا عندیہ دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اینڈرائیڈ فونز کے لیے سیٹلائیٹ میسجنگ کا فیچر آئی فونز سے زیادہ بہتر ہوگا۔

آئی فونز میں تو اس فیچر کو صرف ایمرجنسی حالات میں امدادی پیغامات بھیجنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے مگر اینڈرائیڈ صارفین اس سے ایمرجنسی سروسز سمیت کسی کو بھی مسیج بھیج سکیں گے۔

البتہ سیٹلائیٹ میسجز کو پہنچنے میں زیادہ وقت لگے گا جبکہ تصاویر یا ویڈیوز کو بھیجنا ممکن نہیں ہوگا۔

گوگل کی جانب سے باضابطہ طور پر اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم میں سیٹلائیٹ میسجنگ سپورٹ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

مگر مئی 2024 میں گوگل کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر اس فیچر کو اینڈرائیڈ 15 کا حصہ بنانے کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔

Loading