شب برات ، زیر انتظام و انصرام کمیونٹی سینٹر دی ہیگ
صلوٰۃ التسبیح اور نوافل علامہ غلام مصطفےٰ نقشبندی مجددی کی
امامت میں خشوع و خضوع سے ادا کئے گئے۔۔۔۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔محمد جاوید عظیمی ) بروز ہفتہ 24فروری2024پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ کی جامع مسجد میں پندرویں شعبان المعظم کی بابرکت رات شب برات کی خصوصی تقریب منعقد کی گئی ۔ اس رات کی اہمیت اور فضیلت سے ہر مسلمان واقف ہے اس لئے مذکورہ رات میں مسلمان خواتین و حضرات بارگاہ الہی میں اضافی عبادات اور مناجات کا مساجد اور گھروں میں خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔ ماہ صیام سے قبل آنے والے دو مہینوں رجب المرجب اور شعبان المعظم میں اضافی عبادات اور روزے رکھنے سے رمضان المبارک میں ان اعمال کی ادائیگی میں آسانی ہو جاتی ہے۔ کمیونٹی سینٹر دی ہیگ کی جامع مسجد میں منعقدہ شب برات کی بابرکت روحانی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے خواتین و حضرات اور نوجوانوں بھرپور شریک ہوئے۔ اس بابرکت رات کی مناسبت سے حاضرین نے متذکرہ مسجد کے امام و خطیب علامہ حافظ غلام مصطفےٰ نقشبندی کی امامت میں صلوٰۃ التسبیح اور نوافل ادا کئے جبکہ اجتماعی دعا سے قبل اپنے مختصر خطاب میں انھوں نے کہا محاسبہ روزانہ کا معمول بنالیں رات میں بستر پر لیٹنے کے بعداپنی دن بھر میں سر انجام دیئے گئے اعمال کا جائزہ لیں اچھے اعمال پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں جبکہ برے اعمال پر شرمندہ ہوں اور آئندہ ان سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ ایک موقعہ پر انھوں نے مزید کہا کہ دوزخ کی آگ سے خود بچیں اور اپنے اہل و عیال کو بھی بچائیں بعدازاں انھوں نے اثر انگیز اجتماعی دعا کرائی۔ پروگرام کے اختتام پر مرکز کی انتظامیہ نے حاضرین کی تواضع لنگر اور مٹھائی سے کرنے کی سعادت حاصل کی۔