صحابی رسول (ص) حضرت ابو ایوب انصاریؓ کے مزار و مسجد پر نماز عید الاضحیٰ کا روح پرور اجتماع، ہزاروں فرزندانِ اسلام کی شرکت
ترکیہ ( ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔۔ نمائندہ خصوصی ۔۔۔۔۔ سید رضوان حیدر بخاری ۔۔۔۔۔۔ استنبول سے )آج عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر صحابی رسول(ص) حضرت ابو ایوب انصاریؓ کے مزار اقدس پر نماز عید کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جس میں ہزاروں فرزندانِ توحید نے شرکت کی۔ روح پرور ماحول میں ادا کی جانے والی اس نماز میں مقامی شہریوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے آئے ہوئے زائرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
نماز فجر کے بعد ہی سے مزار کے احاطہ میں لوگوں کا ہجوم دیکھنے میں آیا، جبکہ نماز عید کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ صفائی، سیکیورٹی اور ٹریفک کنٹرول کے مکمل انتظامات موجود تھے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
نماز عید کی امامت معروف عالمِ دین شیخ مصطفیٰ دمیر نے کی، جنہوں نے خطبے میں عید الاضحیٰ کی قربانی کی اہمیت اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت و قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حضرت ابو ایوب انصاریؓ کی اسلام کے لیے خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور مسلمانوں کو اتحاد، اخوت اور ایثار کا پیغام دیا۔
نماز کے اختتام پر زائرین نے مزار پر حاضری دی، دعا کی اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔ ماحول میں اللہ اکبر کی صدائیں گونجتی رہیں، جو اس عظیم موقع کی روحانیت کو مزید اجاگر کرتی رہیں۔
عید کے اس پرمسرت موقع پر استنبول کی فضا تکبیرات اور دعاؤں سے گونجتی رہی، اور حضرت ابو ایوب انصاریؓ کا مزار ایک بار پھر امت مسلمہ کے اتحاد اور روحانیت کا مرکز بن گیا۔
اس موقع پر پاکستانیوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی جنھوں نے ترک بھائیوں کے ساتھ نماز عید ادا کی ۔۔ روشنی نیوز انٹرنیشنل سے بات کرتے ہوئے پردیس/دیار غیر میں اپنوں سے دور عید کے تہوار پر ان کی کمی کے احساس کے بارے میں بات کی اور بتایا کہ عید اور دیگر تہوار ایسے مواقع ہوتے ہیں جب اپنوں کی اور وطن عزیز کی یاد بہت ستاتی ہے۔۔۔