Daily Roshni News

صدر ٹرمپ 4 سے 6 ہفتوں میں ایران سے تنازع ختم کرنے کے خواہش مند ہیں: امریکی اخبار

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے کہا ہےکہ ٹرمپ جنگ جلد ختم کرنے پر زور دے رہے ہیں اور ایران سے تنازع 4 سے 6 ہفتوں میں نمٹانےکے خواہش مند ہیں۔

امریکی اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ نے قریبی مشیروں کو بتایا کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ طویل نہیں کرنا چاہتے، امریکی صدر سمجھتے ہیں کہ جنگ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔

امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس نے چینی صدر سے مئی میں بیجنگ سمٹ اس بنیاد پر رکھی کہ جنگ اس سے پہلے ختم ہوجائے گی، ٹرمپ کی توجہ کبھی کبھی دیگر سیاسی امور، جیسے وسط مدتی انتخابات اور امیگریشن اقدامات کی طرف منتقل ہوجاتی ہے، صدر نے ایک ساتھی کو بتایا کہ جنگ ان کی دیگر ترجیحات سے توجہ ہٹا رہی ہے، قریبی مشیروں کے مطابق ٹرمپ اگلے بڑے چیلنج کی طرف بڑھنے کے لیے  بے تاب دکھائی دیتے ہیں، بعض اتحادیوں کو امید ہے کہ ٹرمپ کیوبا کی کمیونسٹ حکومت کے خاتمے پر توجہ دیں گے۔

امریکی اخبار کے مطابق امریکا مزید مذاکرات کے لیے تیار ہے مگر ساتھ ہی مشرقِ وسطیٰ میں اضافی فوج بھیج رہا ہے، ٹرمپ نےایرانی تیل تک امریکی رسائی کوایک ممکنہ شرط کے طور پر سوچا ہے، ایرانی تیل تک رسائی کی شرط پر فی الحال کوئی عملی منصوبہ بندی نہیں، ٹرمپ کے پاس جنگ ختم کرنے کے آسان راستے نہیں اور امن مذاکرات ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں لہٰذا یہ اندازہ لگانا مشکل ہےکہ ٹرمپ جنگ کے بارے میں کیا فیصلہ کریں گے لیکن ٹرمپ پسِ پردہ کبھی سفارتکاری کی طرف جاتے ہیں اورکبھی حملے بڑھانے کی طرف، معاہدے یا واضح فوجی فتح کے بغیر ٹرمپ کو آبنائے ہرمز کی مسلسل بندش کا مسئلہ درپیش رہے گا۔

جنگ بندی کیلئے امریکی تجاویز

دوسری جانب امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ بھی امریکا کی جنگ ختم کرنے کے لیے تجاویز سامنے لے آیا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی تجویز ہےکہ اگرایران تمام افزودہ یورینیئم ہٹادے اور مطالبات مان لے تو پابندیوں میں بڑی نرمی دے سکتے ہیں،ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر سخت پابندیاں لگانے کی شرط رکھی گئی ہے، امریکاچاہتا ہے کہ ایران حزب اللہ، حوثیوں اور حماس سمیت تمام مسلح گروپوں کی حمایت بند کرے، امریکی اہلکاروں کے مطابق یہ تجاویزحساس ہیں، اس لیے تفصیلات باضابطہ ظاہرنہیں کی جارہیں۔

امریکی اخبار کے مطابق وائٹ ہاؤس نے ایرانی میڈیارپورٹ کوغلط قراردیا جس میں کہا گیا کہ ایران نے منصوبہ مسترد کردیا، امریکا کا کہنا ہے کہ بات چیت جاری ہے اور ابھی کسی نتیجے کا اعلان قبل ازوقت ہوگا۔

امریکی اخبار کا کہناہےکہ پاکستان کی امریکا، ایران بالواسطہ مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش حقیقت کے قریب دکھائی دے رہی ہے، ایران نے تسلیم کیا ہے کہ وہ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔

Loading