Daily Roshni News

عراق میں لاکھوں مردہ مچھلیاں دریا کنارے پر آگئیں

بغداد: عراق کے صوبے میسان میں لاکھوں مردہ مچھلیاں دریا کے کنارے پر آگئیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق دریائے امشان کے کنارے ہزاروں ٹن مردہ مچھلیوں کی آمد کو بڑی ماحولیاتی تباہی قرار دیا جا رہا ہے۔

عراقی حکام کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں مچھلیوں کے مرنے کی وجہ علاقے میں جاری خشک سالی بھی ہو سکتی ہے تاہم دریائے امشان میں مچھلیوں کے مرنے کی وجہ جاننے کے لیے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔

ماہرین ماحولیات کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے سے دریا کے بہاؤ اور آکسیجن میں کمی ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے آبی حیات مر جاتی ہیں۔

کچھ ماحولیاتی ماہرین کے مطابق مچھلیوں کے مرنے کی وجہ پانی کی فراہمی میں کمی کی وجہ سے نمکیات کی مقدار میں اضافہ ہے۔

فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

ماحولیاتی ماہر احمد صالح کا کہنا ہے کہ مچھلیوں کے مرنے کی بڑی وجہ دریائے دجلہ سے صوبے کے چھوٹے دریاؤں اور نہروں کو پانی کی فراہمی میں کمی ہے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق عراق دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 5 ممالک میں شامل ہے۔

Loading