Daily Roshni News

عشرہ محرم الحرام ،کمیونٹی سنٹر کے زیر اہتمام علامہ اشفاق کا واقعہ کربلا پر تاریخی حقائق کی روشنی میں خصوصی خطاب

عشرہ محرم الحرام ،کمیونٹی سنٹر کے زیر اہتمام

علامہ اشفاق کا واقعہ کربلا پر تاریخی حقائق کی

 روشنی میں خصوصی خطاب، مختلف مکتبئہ فکر کی

معزز شخصیات کی بھرپور شرکت۔۔۔۔

ہالینڈ( ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔ جاوید عظیمی۔۔۔ تصاویر چوہدری۔۔۔ بنارس علی )اسلامی کلینڈر کے حساب سے محرم الحرام کا آغاز ہوتے ہی نئے سال کا بھی آغاز ہو جاتا ہے یہ وہی مہینہ ہے جس میں واقعہ کربلا رونما ہوا اس واقعے میں خاتم الانبیا ءسید المرسلین احمد مجتبےٰ محمد مصطفےﷺکے پیارے نواسے

حضرت امام حسین علیہ السلام ،اہل بیت اور آپ کے ساتھیوں کو حق وصداقت کی آوازبلند کرنے پر  ظلم و بربریت اوربے دردی سے میدان کربلا میں شہید کر دیا گیا دنیا بھر کے مسلمان شہدائے کربلا کی یاد میں  محافل کا انعقاد کر کے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اس وقت ہالینڈ کے ہر شہر میں مساجد اور اسلامی مراکز میں متذکرہ تقریبا ت کے انعقاد کا تسلسل جاری ہے پاکستان اسلامک اینڈ کلچر سینٹر دی ہیگ  میں عشرہ محرم الحرام کاروزانہ کی بنیاد پر باقاعدگی سے انعقاد کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز بروز جمعۃ المبارک 21 جولائی 2023 متذکرہ تسلسل میں تقریب کا اہتمام ہوا جس میں قرطبہ مسجد رؤٹر ڈیم کے امام و خطیب علامہ محمد اشفاق نے خصوصی خطاب فرمایا ۔

آپ نے اپنے خطاب میں 61 ہجری میں پیش آنے والے واقعہ کربلا کو قرآن و حدیث اور تاریخی حقائق کی روشنی میں مختلف پہلوؤں  میں  بیان کرتے ہوئے کہا کہ فرشتوں کے سردار جبرائیل امین نے رسول محتشم ﷺکو قبل از وقت آگاہی دے دی تھی جس پر نبی رحمت ﷺنے میدان کربلا کی مئی اپنی زوجہ محترمہ حضرت ام سلمہ ؓکو دیتے ہوئے ارشاد فرمایا جب یہ مئی سرخ ہو جائے تو سمجھ جانا میرے پیارے نواسے کا سرتن سے جدا ہو گیا ہے ۔علامہ اشفاق نے اہل بیت ،شہدائے کربلا اور سید الشہدائے امام عالی مقام کو  شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے

کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام نے دین اسلام کی تعلیمات کو مسخ کر کے پیش کرنے والوں کے خلاف حق و صداقت کی آواز بلند کر کے اپنے نانا کے دین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا ۔میدان کربلا میں اپنی شہادت کے وقت امام عالی مقام  نماز کی ادائیگی کے لیے سجدہ ریز ہو گئے

اس سجدہ ریزی سے میدان کربلا میں طاری ہونے والی کیفیت کو شاعر نصیر الدین نصیر ؒنے اپنے اشعار میں اس کو بڑی عقیدت سے بیان کیا ہے علامہ اشفاق نے ان اشعار کو جذبات اور احساسات  کے ساتھ پڑھ کر حاضرین پر کیف طاری کر دیا قبل ازا محفل کے میزبان اول علامہ غلام مصطفی نقشبندی نے اللہ تعالی ٰآخری آفاقی کتاب قرآن کی تلاوت سے حاضرین کے قلوب و اذہان کو منور کیا جبکہ محمد شفیق چیمہ ،شہزاد علی خان اور ارشد علی خان نے بارگاہ رسالت مآب ﷺمیں نعتوں کی صورت میں محبتوں اور عقیدتوں کے پھول نچھاور کرنے کی سعادت حاصل کی۔

علامہ اشفاق نے اجتماعی دعا کروائی ۔پروگرام کے اختتام پر انتظامیہ کی جانب سے حاضرین کی خدمت میں لنگر حسینی پیش کیا گیا ۔یاد رہے اس  پروگرام میں آن لائن اردو  اخبارڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل کے مدیر اعلیٰ محمد جاوید عظیمی اور نمائندہ چوہدری بنارس علی نے خصوصی طور پر شرکت کے ساتھ پروگرام کی کوریج  محنت شاقہ سے کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ۔

Loading