Daily Roshni News

علامہ اقبالؒ کو خراج تحسین۔۔۔شاعر۔۔۔ڈاکٹر محمد سعید کریم

اسلام کی تنویر ہیں ، اقبال کے اشعار

الحاد کی تعزیر ہیں ، اقبال کے اشعار

 ہر نظم صف آرا ہے غلامی کے مقابل

اک تیر ہیں ، شمشیر ہیں ، اقبال کے اشعار

 وامانده منزل میں نیا ولولہ پھونکا

گنجینہ تاثیر ہیں ، اقبال کے اشعار

اسوقت بھی دلگیر تھے اور آج جہاں گیر

یعنی کہ ہمہ گیر ہیں ، اقبال کے اشعار

گو فارسی میں بھی ہیں وہ یکتائے زمانہ

اردو تیری توقیر ہیں ، اقبال کے اشعار

افکار و تراکیب و تشابیہ اور الفاظ

معنی کا قناطیر ہیں ، اقبال کے اشعار

 غالب ہو کہ ہو میر کہ ہوں باقی مشاہیر

ان سب میں اثر گیر ہیں ، اقبال کے اشعار

خطبہ ، الہ آباد کا بس خواب نہیں تھا

اس خواب کی تفکیر ہیں ، اقبال کے اشعار

 باطل سے ہو بیبانی اگر معرکہ در پیش

اک نعرہ تکبیر ہیں ، اقبال کے اشعار

Loading