Daily Roshni News

عمران اور بشریٰ نکاح کیس کے مجرم ہیں، جھوٹ چھپاکر مغربی ملکوں کی مثال دیتے ہیں: خاور مانیکا

سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور بشریٰ بی بی نکاح کیس کے مجرم ہیں، میری طلاق کی خبر سن کر والدہ اسپتال پہنچیں اور ایک ماہ بعد انتقال ہوگیا۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں وکلا کی ٹیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خاور مانیکا نے کہا کہ چند مخصوص گروپس نے 4 سال سے میرے خاندان کو برابھلا کہا لہٰذا میری بھی باتیں سنیں جیسا کہ میں نے تحمل سے سب کو سنا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم اور مجرم بانی پی ٹی آئی اور بشری اس کا حصہ ہیں،  اگر کسی گھر میں طلاق ہو تو جلد بازی نہیں ہوتی، اگر طلاق ہو گئی تو کیا برا تھا کہ نکاح کے لیے رک جاتے، آج وکلا کی ٹیم محنت پر لگی ہے کہ 39 دن کی مدت ثابت کرنی ہے، پی ٹی آئی نے یکم جنوری کے نکاح کے بعد 7 جنوری کو بیان جاری کیا نکاح نہیں ہوا، پی ٹی آئی سینٹرل سیکرٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کیا نکاح کی خبر غلط تھی۔

ان کا کہنا تھاکہ آپ کو نکاح کی اتنی جلدی تھی قوم کو وجہ تو بتادیں،بانی پی ٹی آئی اور بشری نکاح کیس کے مجرم ہیں، نکاح کا جھوٹ چھپاکر مغربی ملکوں کی مثال دیتے ہیں، مغرب کی مثالیں دیتے ہیں وہاں ایسے معاملے پر استعفیٰ دے دیتے ہیں، آپ ایک کیس کو لے کر اللہ اور رسول کے احکامات کے خلاف کام کر رہے ہیں، ایسے معاشرتی معاملات پر اس لیے سزا رکھی تاکہ بگاڑ نہ ہو، عدت اس لیے ہے کہ بگاڑ کے بعد رجوع کے بھی امکانات ہوں۔

خاور مانیکا کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے پیمرا کو بھی شکایت دی گئی، پیمرا سے پی ٹی آئی کی جانب سے دی گئی شکایت کو دیکھا جا سکتا ہے، آج تک اس شخص سے نہ پوچھا گیا آپ نے نکاح کیوں چھپایا؟  18 فروری کو دوسری بار نکاح کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے 14 دسمبر کو طلاق دی بچوں کو بتایا تو وہ رو دیے، 24 دسمبر کو میرے کزن کی شادی تھی جہاں میری والدہ کو علم ہو گیا، میری والدہ نے خبر سنی تو اٹیک ہوا اور اسپتال منتقل کردیاگیا، ایک ماہ بعد انتقال ہوگیا، یہ کیس ہارنے یا جیتنے کا معاملہ نہیں ہے۔

Loading