غزہ میں جنگ بندی کے بعد سے شہید فلسطینیوں کی لاشیں ملنےکا سلسلہ جاری ہے، غزہ کی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 44 فلسطینیوں کی لاشوں اور 29 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 38 لاشیں ملبے کے نیچے سے ملی ہیں، اب بھی کئی فلسطینی ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔
غزہ سے لاشیں ملنے کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد 67 ہزار 913ہوگئی ہے، ایک لاکھ 70 ہزار 134 زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوج نے صبح سے جاری حملوں میں 9 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
اس کے علاوہ اسرائیل نے غزہ امن معاہدے کے تحت شہید فلسطینیوں کی میتیں غزہ روانہ کردی ہیں۔ہلال احمر نے 45 فلسطینیوں کی لاشیں موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے اور کہا ہےکہ پوسٹ مارٹم کے ذریعے ان کی اموات کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خبرایجنسی کے مطابق اسرائیل نے اب تک کئی سو فلسطینیوں کی میتیں اپنے پاس رکھی ہوئی ہیں جنہیں 7 اکتوبر کی جنگ کے بعد سے اسرائیلی افواج نے قتل کیا تھا، ان میں القسام کے ارکان کی میتیں بھی شامل ہیں۔
حماس آج رات مزید 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالےکریگی
دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ وہ آج رات مزید چار ہلاک اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کرےگی۔
خبر ایجنسی کے مطابق حماس نے ثالثوں کو آگاہ کیا ہےکہ وہ پاکستانی وقت کے مطابق آج رات بارہ بجے چار ہلاک مغٖویوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کرے گی، اس سے قبل اسرائیل نے ہلاک مغویوں کی لاشیں نہ دینے پر کل رفح کراسنگ بند کرنے اور امداد کی فراہمی محدود کرنے کا اعلان کیا تھا۔