Daily Roshni News

فیض حمید کی وجہ سے ہم پھنسے ہوئے ہیں، اُن کی وجہ سے ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوا: شیر افضل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز نے یہ پیغام دیا ہے کہ فیض حمید کے معاملات سے ہماری جان چھوٹنے والی نہیں ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ لگے ہاتھوں بانی پی ٹی آئی کیلئے نیا اور سنجیدہ مسئلہ پیدا کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریٹائرڈ فوجی افسر کی معاونت ٹھوس ہونی چاہیے صرف ہمدردی کافی نہیں ہے، جس کے کوئی شواہد نہیں ہیں۔ اگر شواہد ہوتے تو ان پر لازم تھا کہ 9 مئی کے فوراً بعد سامنے لاتے۔

اپنی گفتگو میں شیرافضل مروت نے مزید کہا کہ فیض حمید ہمارے لیے اُتنے ہی نقصان دہ رہے جتنے جنرل باجوہ تھے، فیض حمید کی قربت کی وجہ سے ہمیں رجیم چینج آپریشن میں بھی قیمت اداکرنی پڑی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ فیض حمید کی وجہ سے ہم پھنسے ہوئے ہیں، اُن کی وجہ سے ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو باضابطہ طور پر چارج شیٹ کردیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیض حمید کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی شروع کی گئی اور فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے اگلے مرحلے میں فیض حمیدکوباضابطہ طور پر چارج شیٹ کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان چارجز میں سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا، آفیشل سکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزیاں کرتے ہوئے ریاست کے تحفظ اور مفاد کو نقصان پہنچانا، اختیارات اور سرکاری وسائل کا غلط استعمال اور افراد کو ناجائز نقصان پہنچانا شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے عمل کے دوران ملک میں انتشار اور بدامنی سے متعلق پرتشدد واقعات میں فیض حمیدکے ملوث ہونے سے متعلق علیحدہ تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔

Loading